مسافر نے ٹوائلٹ کی تلاش میں غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا

بیجنگ :(ویب ڈیسک ) چین میں پہلی مرتبہ فضائی سفر کرنے والی مسافر نے ٹوائلٹ کی تلاش میں غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا۔

چائنہ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا جب ایئر چائنہ کی پرواز CA2754 چین کے مشرقی شہر کوزو سے چینگڈو کے لیے اڑان بھرنے والی تھی۔

خاتون مسافر نےٹوائلٹ کی جگہ غلطی سے ہنگامی دروازہ کھول دیا تھا جس کے بعد ایمرجنسی میں مسافروں کے انخلا کے لیے بنائی گئی سلائیڈ طیارے سے باہر آگئی۔

اس صورتحال کے نتیجے میں طیارے کو خالی کرنا پڑا اور مسافروں کو نیچے اتار کر پرواز منسوخ کردی گئی، جبکہ متاثرہ مسافروں کو ایک ہوٹل میں منتقل کرکے ایئرلائن کی جانب سے ہر ایک مسافر کو 400 یوآن (55 امریکی ڈالر) کا معاوضہ دیا گیا۔

مسافر خاتون جنہوں نے غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھولا تھا، کو بھی ہوٹل منتقل کیا گیا جہاں پولیس نے ان سے تفتیش کی، طیارے میں سفر کرنے والے چینگ نامی ایک مسافر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ خاتون نے انتہائی خاموشی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا تھا۔

چینگ نے کہا دروازہ کھلنے کے بعد سلائیڈ باہر آئی تو طیارے کا عملہ حیران رہ گیا، اور یہ دیکھتے ہی خاتون مسافر رونے لگیں کہ انہیں اب اس کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ طیاروں کے ہنگامی دروازے آسانی سے کھلنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جلد سے جلد مسافروں کا انخلا ممکن بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں