ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹیسلا سمیت متعدد کمپنیوں کے بانی ایلون مسک ، برنارڈ آرناولٹ کو پیچھے چھوڑ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسلا، سپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، اس سے قبل لگژری مصنوعات بنانے والے گروپ ایل وی ایم ایچ لوئی وٹان موئت ہینیسے کے چیف ایگزیکٹو برنارڈ آرناولٹ دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔

رپورٹ کے مطابق برنارڈ آرناولٹ کی دولت میں سٹاک نیچے آنے کے باعث کمی آئی تھی، ایلون مسک کی دولت ایک کھرب 92 ارب ڈالر جبکہ برنارڈ آرناولٹ کی دولت کا حجم ایک کھرب 87 ارب ڈالر ہے، دونوں کی دولت میں اب صرف 5 ارب ڈالر کا فرق ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایلون مسک اپنی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے شیئرز گرنے کے باعث دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے تھے اور ان کی جگہ برنارڈ آرناولٹ نے لے لی تھی۔

ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا، ٹیسلا کے علاوہ 51 سالہ ایلون مسک راکٹ بنانے والی کمپنی سپیس ایکس اور نیورا لنک کے سربراہ بھی ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں