برسوں سے بند ایران کا سعودی عرب میں سفارت خانہ کل دوبارہ کھل جائے گا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے اعلان کے بعد تہران کل سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاض میں ایک سفارتی ذریعہ نےبتایا ہے کہ "ایرانی سفارت خانے کا دوبارہ افتتاح کل مقامی وقت کے مطابق شام 6:00 بجے سعودی عرب میں نامزد ایرانی سفیر کی موجودگی میں کیا جائے گا۔

سفارت خانے کی سابق عمارت برسوں سے بند تھی، اسے تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا، یہ قدم تہران کی جانب سے گزشتہ ماہ ایک اعلیٰ سطح کے سفارت کار علی رضا عنایتی کو مملکت میں نیا سفیر مقرر کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

سابق ایرانی صدر حسن روحانی کے دور میں کویت میں سفیر رہنے کے بعد عنایتی اس وقت نائب وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہیں، اپریل میں دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی وفود کا تبادلہ ہوا تھا، ان وفود نے سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

واضح رہے 10 مارچ کو ایران اور سعودی عرب نے چین کی سرپرستی میں اپنے سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے اور بیس سال سے زائد عرصہ قبل دستخط شدہ اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں