ایران نے 28 پاکستانی قیدیوں کی سزائیں معاف کرکے رہا کردیا

پشاور:(دنیا نیوز) ایران میں مختلف جرائم میں سزا کاٹنے والے 28 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔

ایرانی ایمبیسی کے ترجمان کے مطابق قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران کیا گیا تھا، رہا ہونے والے قیدیوں کی سزاؤں کو معاف کرکے واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک نے انسانی بنیادوں پر جیلوں میں موجود قیدیوں کی رہائی سمیت ان کی وطن واپسی پر اتفاق کیا تھا، ایران کی جیلوں میں 160 پاکستانی جبکہ پاکستان کی جیلوں میں 60 ایرانی قیدی ہیں، ابتدائی طور پر 160 میں سے 28 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

واضح رہے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران وزارتِ داخلہ کے تعاون سے ابراہیم رئیسی کو جیلوں میں قید پاکستانیوں کے ورثا نے ان کے عزیزوں کی حالت زار کو مد نظر رکھتے ہوئے قیدیوں کو رہا کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں