بنگلہ دیش کے صدر کا سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو رہا کرنے کا حکم
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
صدر محمد شہاب الدین نے اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم جاری کر دیا، بنگلہ دیش میں جاری کشیدگی کے درمیان ایک تازہ اور مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد عبوری حکومت کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے بعد خالدہ ضیا کی رہائی کا بھی حکم جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ خالدہ ضیا سابق وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ ہیں اور انہیں ملک سے فرار ہو کر بھارت پہنچنے والی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے جیل میں ڈالا تھا اور بعد ازاں گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔