کملا ہیرس کی مقبولیت میں مزید اضافہ، ٹرمپ امریکی عوام کا اعتماد کھونے لگے: سروے

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا جبکہ دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈولنڈ ٹرمپ تیزی سے عوام کا اعتماد کھونے لگے ہیں۔

 سابق صدر اور ری پبلکنز کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹس کی امیدوار کملا ہیرس پر معیشت اور جرائم جیسے مسائل پر حاصل برتری میں واضح کمی آنے لگی ہے، یہ بات امریکی ووٹرز سے سوالات کے ذریعے کئے گئے سروے میں سامنے آئی ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نئے سروے کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کملاہیرس کی انتخابی مہم تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 23 سے 25 اگست کے دوران کئے گئے تین روزہ سروے میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے معیشت اور روزگار کے حوالے سے مؤقف کو 43 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے قبولیت بخشی جبکہ کملا ہیرس کے حق میں 40 فیصد ووٹرز تھے لیکن 3 فیصد کا یہ فرق معمولی ہے کیونکہ پول میں غلطی کا مارجن 4 فیصد ہے۔

سروے کے نتائج میں 4 فیصد غلطی کے احتمال کے ساتھ ساتھ اس سے قبل جولائی میں کئے گئے سروے میں ٹرمپ کو کملا ہیرس پر 11 پوائنٹس کی بڑی برتری حاصل تھی جو اب کم ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ اسی طرح جرائم کی روک تھام کے حوالے سے سروے میں ووٹرز نے کسی بھی امیدوار کو برتری نہیں دی اور اس مسئلے پر ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 40 فیصد اعتماد کا ووٹ ملا، یہاں بھی کملا ہیرس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافے کا اظہار ہوتا ہے کیونکہ جولائی میں کملا ہیرس 5 فیصد پیچھے تھی۔

امریکا کے حالیہ قومی سرویز میں بھی کملا ہیرس کو ٹرمپ پر معمولی برتری سامنے آئی تھی حالانکہ وہ صدر جوبائیڈن کی جانب سے دستبرداری کے بعد 21 جولائی کو صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ہوئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں