بھارتی فضائیہ کے ایئرشو میں بدنظمی اور ہیٹ سٹروک سے 5 افراد ہلاک

نئی دہلی : (دنیانیوز ) چنئی میں بھارتی فضائیہ کے ایونٹ میں ہیٹ سٹروک سے 5 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ سینکڑوں ہسپتال میں موجود ہیں ۔

بھارت میں گزشتہ دس سال سے مودی سرکار اقتدار میں ہے جس کا واحد مقصد بھارت میں ہندوتوا نظریہ کو فروغ دینا ہے، بھارت میں جہاں دوسرے متعدد مسائل ہیں ، وہیں انتظامی امور کو مؤثر طور پر سرانجام دینے کے لئے بنیادی وسائل کا انحطاط ہے ۔

حال ہی میں ایک رپورٹ کے مطابق چنئی میں انڈین ایئر فورس کے ایئر شو کے دوران پانچ تماشائی ہلاک اور 200 سے زائد لوگ ہسپتال داخل ہوگئے، انڈین ایئر فورس کایہ ایونٹ مرینا بیچ پر IAF کی  92ویں سالگرہ منانے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق انڈین ایئر فورس کا یہ ایونٹ جلد ہی بدنظمی کا شکار ہوگیا جب ہزاروں افراد ہجوم، ٹریفک جام ، اور شدید گرمی میں بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کرتے رہے،  اپوزیشن رہنما پلانیسوامی کا کہنا ہے کہ "انتظامی معاملات اور ہجوم کو صحیح طریقے سے نہیں سنبھالا گیا" "ایونٹ کے دوران نظم وضبط قائم رکھنے کے لئے پولیس فورس کی تعداد بھی ناکافی تھی۔

اپوزیشن رہنما پلانیسوامی نے کہاکہ یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگ شدید ٹریفک میں پھنسے رہے، پینے کا پانی دستیاب نہیں تھا، اور گرمی کی شدت کے باعث کئی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر اننامالائی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ ایم کے سٹالن اپنے ذاتی مفادات کے لیے تقریبات کا اہتمام کر سکتے ہیں لیکن اتنے بڑے عوامی ایونٹ کے لیے مناسب انتظامات نہیں کر سکے۔

اسی طرح اپوزیشن لیڈر ستیان نے کہا کہ میرے سامنے بچے بے ہوش ہو رہے تھے، وہاں لوگوں کی رہنمائی کے لیے کوئی عوامی اعلان کا نظام نہیں تھا، نہ پانی کی تقسیم کے اسٹالز تھے، اور نہ ہی موقع پر طبی امداد موجود تھی۔

بھارت میں روزانہ کے حساب سے ایسے بہت سے انسانیت سوز واقعات پیش آتے ہیں ، مودی سرکار اور دوسری جماعتیں اپنے سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر عوام کی جان داؤ پر لگانے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں