لیبیا میں پالتو شیر کا شادی کی تقریب میں حملہ، متعدد مہمان شدید زخمی

طرابلس: (ویب ڈیسک) لیبیا میں شادی کی تقریب میں لائے جانے والے پالتو شیر نے متعدد مہمانوں پر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔

عالمی میڈیاکے مطابق ناخوشگوار واقعہ دارالحکومت طرابلس میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے مہمانوں میں شامل ایک شخص اپنے پالتو شیر کو بھی لے کر شادی ہال میں پہنچ گیا۔

شیر اپنے مالک کے ساتھ ہال میں داخل ہوا تو وہ وہاں اتنے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر گھبرا گیا، مالک نے شیر کو اس حالت میں دیکھ کر اسے قابو کرنے کی کوشش کی مگر مالک سے زیادہ طاقتور شیر رسی چھڑا کر ہجوم پر لپک گیا، مالک نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس پر قابو پانے کی کوشش کی مگر شیر نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔

شیر کے مالک نے اس کے سر پر مخصوص طریقے سے چابک کا دستہ مارا جس پر وہ مزید غصے میں آگیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کردیا، شیر کے نوکیلے و طاقتور پنجوں کی زد میں آکر متعدد مہمان شدید زخمی ہوگئے۔

اسی اثنا میں مالک نے اپنے ڈرائیور اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شیر پر دوبارہ قابو پانے کی کوشش کی مگر وہ بھاگتا ہوا شادی ہال سے باہر نکل گیا۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جائے اور لوگوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اپنے خطرناک پالتو جانوروں کو عوامی مقامات پر نہ لائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں