غزہ : صیہونی مظالم میں کمی نہ آسکی، مزید 14 فلسطینی شہید

غزہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی معاہدے کےباوجوداسرائیل کےغزہ پرحملےجاری، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 فلسطینی شہید 51 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بند ہونےہزاروں فلسطینی بھوک سے تڑپنے لگے، امدادی سامان کی کمی کی وجہ سے درجنوں فوڈ چیریٹیز تیزی سے بند ہو نے لگی۔
یونیسیف نے اسرائیل سے غزہ کیلئے بند کی گئی امداد فوری کھولنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امداد کی کمی کی وجہ سے10لاکھ فلسطینی بچے زندہ رہنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی میں 48 ہزار 577 فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ 1 لاکھ 12 ہزار اور 41 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثنا مقبوضہ بیت المقدس سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے زیتون کے باغات پر قبضہ کرلیا اورزمینداروں کو بیدخل کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق باغات 30 ایکڑ پر پھیلے ہوئے ہیں، جس میں 50 سال پرانے زیتون کے درخت ہیں۔