امریکی ایوانِ نمائندگان نے 900 ارب ڈالر مالیت کا وسیع دفاعی بل منظور کر لیا
واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی ایوانِ نمائندگان نے 900 ارب ڈالر مالیت کا وسیع دفاعی بل منظور کر لیا جس کے حق میں 312 جبکہ مخالفت میں 112 ووٹ ڈالے گئے۔
یہ دفاعی پیکیج امریکی فوج کے مختلف پروگراموں کی مالی معاونت، فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافے اور دفاعی شعبے میں ہتھیاروں کی خریداری کے نظام میں تبدیلی جیسے اہم نکات پر مشتمل ہے۔
بل کے تحت آئندہ 2 برسوں کیلئے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کیلئے سالانہ 400 ملین ڈالر کی منظوری بھی دی گئی ہے، جبکہ یورپ اور جنوبی کوریا میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو برقرار رکھنے کی شق بھی شامل ہے۔
دوسری جانب بل میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پروگراموں میں نمایاں کٹوتیاں کی گئی ہیں، یہ بل اب سینیٹ کے پاس جائے گا، جہاں اسے کرسمس کی چھٹیوں سے قبل منظور کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔