بھارت کے سابق وزیر داخلہ شیو راج پٹیل چل بسے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق وزیر داخلہ اور کانگریس کے بااثر سینئر رہنما شیو راج پٹیل 90 سال کی عمر میں چل بسے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان کا انتقال لاتور میں گزشتہ روز اپنی رہائش پر ہوا، وہ کافی عرصے سے علیل تھے، شیو راج پٹیل 1935ء میں پیدا ہوئے، وہ بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔
راج پٹیل بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے سپیکر بھی رہے، وہ مہاراشٹر کے لاتور حلقہ سے سات بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے، وہ بھارتی پنجاب کے گورنر اور مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بھی رہے۔
2008ء میں ممبئی حملوں کے وقت وہ ملک کے وزیر داخلہ تھے، ان حملوں کو روکنے میں ناکامی پر شدید تنقید کے بعد انہوں نے 30 نومبر 2008 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔