کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ تمام سرحدی گزرگاہوں کو بند کر دیا
بینکاک: (دنیا نیوز) مسلسل بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ تمام سرحدی گزرگاہوں کو بند کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق کمبوڈیا کے حکام کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کی فوج کے حملوں میں متعدد شہری ہلاک اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
فریقین کے درمیان حالیہ کشیدگی پر وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا جنگ بندی معاہدے کا احترام کریں، صدر ٹرمپ امید رکھتے ہیں کہ فریقین معاہدے کی پاسداری کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان فائر بندی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک امن کیلئے تیار ہیں اور امریکا کے ساتھ تجارت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ امریکی ثالثی میں طے پانے والے امن معاہدے پر عملدرآمد روک دیا تھا، تھائی لینڈ کی جانب سے معاہدے کی معطلی سرحد کے قریب ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں اس کے 2 فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد سامنے آئی تھی۔