ترکیہ میں پولیس اور داعش کے درمیان جھڑپیں، 6 دہشتگرد ہلاک، 3 پولیس اہلکار شہید
استنبول: (دنیا نیوز) ترک پولیس اور کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں داعش کے 6 ارکان ہلاک جبکہ 3 ترک پولیس افسران جاں بحق ہو گئے۔
ترک وزیر داخلہ کے مطابق سکیورٹی اداروں کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد یالووا میں موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا، جس دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی اور دونوں جانب سے شدید گولہ باری ہوئی، پولیس کی مؤثر اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں 6 داعش ارکان موقع پر مارے گئے۔
وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترک سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گی، انہوں نے کہا کہ ترکی کی سلامتی پر حملہ کرنے والوں کو ہر حال میں انجام تک پہنچایا جائے گا۔