Published on:08 January, 2026

آئل ٹینکر کیخلاف امریکی کارروائی غیرقانونی ہے: روسی وزارتِ خارجہ

ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی وزارت خارجہ نے آئل ٹینکر کے خلاف امریکی کارروائی کو قرار غیر قانونی قرار دے دیا۔

روس نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ فوری طور پر روسی آئل ٹینکر "مارینیرا" کے خلاف کی جانے والی "غیرقانونی اور غیرقابلِ قبول" کارروائیاں بند کرے اور بین الاقوامی سمندری قوانین کی مکمل پابندی کرے۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکی فورسز نے بین الاقوامی پانیوں میں ایک سویلین جہاز پر چڑھائی کرتے ہوئے عملے کو حراست میں لیا، جسے ماسکو نے سمندری قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو معلوم تھا کہ آئل ٹینکر روس کے پرچم کے تحت چل رہا ہے اور اس کا سٹیٹس مکمل طور پر سویلین ہے، اس کے باوجود اسے "بغیر پرچم" یا "جعلی پرچم" کے تحت چلنے والا جہاز ظاہر کیا گیا۔

ماسکو نے امریکہ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ حراست میں لیے گئے روسی عملے کے ساتھ انسانی سلوک یقینی بنایا جائے اور ان کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکہ روسی شہریوں کے حقوق اور مفادات کا احترام کرے اور ان کی جلد وطن واپسی میں رکاوٹیں نہ کھڑی کرے۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکی کارروائی نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ آزادانہ بحری آمد و رفت (Freedom of Navigation) کے اصولوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

وزرت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ غیرقانونی یکطرفہ پابندیاں بین الاقوامی قانون کے تحت کوئی حیثیت نہیں رکھتیں اور انہیں ہائی سی پر جہازوں کے قبضے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

روسی بیان میں امریکی حکام کے ان بیانات کی مذمت بھی کی گئی جہاں مارینیرا کی ضبطی کو وینزویلا کے قدرتی وسائل پر کنٹرول کی پالیسی کا حصہ قرار دیا گیا، ماسکو نے ایسے اقدامات کو "نوآبادیاتی ذہنیت" کا مظہر قرار دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں