ایرانی حملہ، قطر کی ایل این جی پیداواری صلاحیت 5 سال کیلئے 17 فیصد تک ختم
دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد الکعبی نے کہا ہے کہ ایران کے حملوں نے قطر کی ایل این جی پیداواری صلاحیت کو 5 سال کیلئے 17 فیصد تک ختم کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سعد الکعبی نے کہا کہ ایرانی حملوں سے وہ تنصیبات متاثر ہوئیں جہاں سے 17 فیصد برآمدی ایل این جی تیار ہوتی تھی، ان تنصیبات کی مرمت میں 3 سے 5 سال لگ سکتے ہیں، جبکہ مرمت کے اس کام پر 26 ارب ڈالرز لاگت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ قطر کو ممکنہ طور پر 5 سال کیلئے اٹلی، بیلجیم، جنوبی کوریا اور چین کیلئے ایل این جی سپلائی کے معاہدوں کو معطل کرنا پڑ سکتا ہے، معاہدے معطل کرنے کی یہ شق پہلے سے معاہدے کا حصہ ہوتی ہے۔
سعد الکعبی کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف قطر بلکہ عالمی توانائی منڈی کیلئے ایک بڑا بحران ثابت ہو سکتی ہے، قطر دنیا کو سب سے زیادہ ایل این جی برآمد کرنے والا ملک ہے۔
خیال رہے کہ قطر کے راس الفان گیس پلانٹ پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں ہلچل مچ گئی، یورپ میں گیس کی قیمتوں میں 60 فیصد تک اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔