برطانوی وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، یکجہتی کا اظہار
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سمندر میں تجارتی نقل و حرکت یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا، کیئر سٹارمر نے سعودی ولی عہد کو اضافی دفاعی فوجی ساز و سامان کی تعیناتی سے متعلق آگاہ کیا۔
دوران گفتگو برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایران کے مسلسل حملے، جن میں اہم قومی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے انتہائی قابلِ مذمت ہیں، برطانیہ اب اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک قابلِ عمل منصوبے پر کام کر رہا ہے تاکہ اہم بحری راستے سے تجارتی سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ یہ بات چیت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور کئی عالمی طاقتیں خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں کر رہی ہیں۔