فرانسیسی صدر کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات پر زور
پیرس: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بڑھتی کشیدگی کم کرنے کیلئے سنجیدہ مذاکرات پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر میکرون نے یہ بات ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کو خطے کے ممالک پر ناقابل قبول حملے بند کرنے چاہئیں اور اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی بحال کرنی چاہیے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کیلئے انتہائی اہم راستہ ہے، جہاں پرامن حالات میں دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے، تاہم حالیہ کشیدگی کے باعث اس راستے کی ممکنہ بندش نے عالمی تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
فرانسیسی صدر نے زور دیا کہ خطے میں استحکام کیلئے فوری اور مؤثر سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔