ایران میں رجیم چینج ہو چکا، صورتحال پہلے سے مختلف ہے: امریکی صدر

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں رجیم چینج ہو چکا ہے اور اب صورتحال پہلے سے مختلف ہے۔

امریکی اخبار سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، ہم ایران میں زیادہ دیر تک نہیں رہیں گے، جنگ 4 سے 6 ہفتے کے اندازے کے مطابق چل رہی ہے اور اختتام کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور اس کی فوجی صلاحیت کمزور ہو گئی ہے، آبنائے ہرمز میں کوئی حقیقی خطرہ نہیں، جو ممالک اس راستے پر انحصار کرتے ہیں وہ خود بھی اسے کھولنے کیلئے اقدام کر سکتے ہیں۔

قبل ازیں ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ ملکوں کو سیکھنا پڑے گا کہ اپنی خاطر لڑائی کیسے لڑی جاتی ہے، امریکہ اب آپ کی مدد کو نہیں آئے گا، بالکل ویسے ہی جیسے آپ ہمارے لیے نہیں آئے تھے۔

امریکی صدر نے کہا کہ برطانیہ جیسے ممالک جو آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے جیٹ فیول حاصل نہیں کر پا رہے، انہیں چاہیے کہ خود میں ہمت پیدا کریں، آبنائے ہرمز جائیں اور بس تیل لے آئیں اگر نہیں تو امریکہ سے تیل خرید لیں کیونکہ ہمارے پاس بہت زیادہ ہے۔

ایک اور پوسٹ میں امریکی صدر نے فرانس کے خلاف بھی اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرانس نے اسرائیل کیلئے عسکری سامان لے جانے والے طیاروں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی۔

ٹرمپ نے ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی شہادت میں کردار ادا نہ کرنے پر بھی فرانس سے شکوہ کیا اور لکھا کہ فرانس بہت غیر مدد گار رہا، امریکہ یہ بات یاد رکھے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران بنیادی طور پر تباہ ہو چکا ہے، یہ مشکل کام اب ختم ہو گیا ہے، اب جا کر اپنا تیل خود لے آئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں