امریکا کا ایران کو خدمات فراہم کرنے والی فضائی کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا عندیہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا ہے کہ جو کمپنیاں ایران کی فضائی کمپنیوں کو خدمات فراہم کریں گی وہ امریکی پابندیوں کا سامنا کر سکتی ہیں، یہ اقدام اقتصادی پابندیوں کی مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا دنیا بھر کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں موجود کمپنیوں کو ایران کے طیاروں کو خدمات فراہم کرنے سے روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔
ان خدمات میں طیاروں کے لئے ایندھن، کھانے پینے کی سہولیات، لینڈنگ فیس اور مرمت شامل ہیں، اس مہم کے تحت امریکا ایران پر زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ ڈالے گا اور تیسرے فریق کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کرے گا جو ایرانی اداروں کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں یا اس میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔
اس سے قبل بھی امریکا نے یکطرفہ طور پر ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کرتے ہوئے چین کی آئل ریفائنری اور انیس شپنگ کمپنیوں کو شامل کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ایرانی تیل کی ترسیل میں استعمال ہونے والے بحری جہازوں کی ملکیت رکھتی ہیں۔