امریکی صدر کا آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت آج سے بحال کرنے کا اعلان

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت آج سے بحال کرنے کا اعلان کردیا، جہازوں کی نقل و حرکت امریکی وقت کے مطابق پیر کی صبح سے شروع ہوگی۔

ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر کے متعدد ممالک، جو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کا حصہ نہیں، انہوں امریکہ سے درخواست کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ان کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے، یہ ممالک اس تنازع سے کسی بھی طرح وابستہ نہیں بلکہ محض غیر جانبدار اور متاثرہ فریق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران، مشرق وسطیٰ اور امریکہ کے مفاد میں ان ممالک کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ان کے جہازوں کو محفوظ طریقے سے ان محدود آبی گزرگاہوں سے نکالا جائے گا تاکہ وہ اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کو آگاہ کریں کہ امریکہ ان کے جہازوں اور عملے کو بحفاظت نکالنے کیلئے بھرپور کوشش کرے گا، زیادہ تر ممالک نے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک علاقہ بحری سفر کیلئے محفوظ نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ یہ عمل پروجیکٹ فریڈم کے نام سے مشرق وسطیٰ کے وقت کے مطابق آج صبح سے شروع کیا جائے گا، مجھے علم ہے کہ میرے نمائندے ایران کے ساتھ مثبت مذاکرات کر رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر تمام فریقین کیلئے مثبت نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق جہازوں کی نقل و حرکت کا مقصد صرف ان افراد، کمپنیوں اور ممالک کو سہولت فراہم کرنا ہے جو اس تنازع میں کسی بھی طرح قصوروار نہیں بلکہ حالات کا شکار ہیں۔

انہوں نے اسے ایک انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک کیلئے یہ خیر سگالی کا پیغام ہو سکتا ہے، کئی جہازوں پر خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہو رہی ہے جو عملے کی صحت اور صفائی کیلئے مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر اس انسانی ہمدردی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں