امریکی جیرالڈ آر فورڈ نے 11 ماہ کی طویل تعیناتی کے بعد واپسی مکمل کر لی
ورجینیا: (دنیا نیوز) امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ آر فورڈ نے 11 ماہ کی طویل تعیناتی کے بعد واپسی مکمل کر لی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ ویتنام جنگ کے بعد کسی بھی امریکی کیریئر کا سب سے طویل مشن قرار دیا جا رہا ہے، یہ بحری جہاز اپنے ساتھ 2 تباہ کن جنگی جہازوں کے ہمراہ امریکی ریاست ورجینیا کے نیول سٹیشن نور فولک پہنچا جہاں 5 ہزار فوجیوں نے اہل خانہ سے طویل عرصے بعد ملاقات کی۔
تعیناتی کے دوران اس کیریئر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی آپریشنز میں معاونت کی، وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق مشن میں بھی حصہ لیا۔
امریکی وزیر دفاع نے جہاز اور عملے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاریخ رقم کر دی ہے۔
طویل تعیناتی کے دوران جہاز کو متعدد مشکلات کا سامنا بھی رہا جن میں آگ کا واقعہ شامل ہے جس کے باعث سیکڑوں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جہاز کو مرمت کیلئے منتقل بھی کرنا پڑا، یہ تعیناتی عام طور پر 6 ماہ کی ہوتی ہے، لیکن اس بار اسے کئی بار بڑھایا گیا۔