دمشق میں کار بم دھماکہ، ایک فوجی شہید، متعدد زخمی
دمشق: (ویب ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق میں کار بم دھماکے میں ایک فوجی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
عالمی میڈیا رپورٹ میں شامی وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب شامی فوج کا ایک گروپ اپنی ذیلی عمارت کے قریب نصب دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے میں مصروف تھا۔
باب شرقی کے علاقے میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جبکہ پرانے شہر کے ساتھ واقع شامی وزارتِ دفاع کے محکمہ اسلحہ کی عمارت کے قریب سڑک کے بیچ ایک کار کو جلتے ہوئے دیکھا گیا۔
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ شامی عرب فوج کے ایک گروپ نے باب شرقی کے علاقے میں اپنی ایک ذیلی عمارت کے قریب دھماکے کے لئے تیار کیا گیا دھماکہ خیز مواد دریافت کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مواد کو ناکارہ بنانے کے لئے فوری کارروائی کی جا رہی تھی کہ اسی دوران اسی علاقے میں ایک کار بم دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بھیڑ کے اوقات میں شہریوں کے درمیان شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔