غزہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر نے کانگریس کیلئے پرائمری انتخاب جیت لیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں پلاسٹک سرجن، سابق فوجی اہلکار اور جنگی علاقوں میں طبی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر آدم حماوی نے امریکی کانگریس کی نشست کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا اہم پرائمری انتخاب جیت لیا ہے۔

مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم حماوی نے نیو جرسی کے 12ویں کانگریشنل ضلع میں متعدد امیدواروں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار گریگ میل کا سامنا کریں گے۔

یہ حلقہ ڈیموکریٹک پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے، اس لیے سیاسی مبصرین کے مطابق آدم حماوی کے امریکی ایوانِ نمائندگان تک پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہیں۔

ڈاکٹر آدم حماوی نہ صرف ایک معروف سرجن ہیں بلکہ امریکی فوج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ مختلف جنگ زدہ علاقوں میں طبی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں اور 2024 میں غزہ میں بھی رضاکارانہ طبی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وہ نومبر کے انتخابات میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ امریکی کانگریس کے ایسے واحد رکن بن سکتے ہیں جنہوں نے غزہ کی جنگ اور وہاں کے انسانی حالات کا براہِ راست مشاہدہ کیا ہو۔

آدم حماوی نے کہا تھا کہ غزہ میں اپنے طبی مشن کے بعد واشنگٹن کے دورے نے انہیں سیاست میں آنے کا فیصلہ کرنے پر آمادہ کیا، امریکا کو ایسے منتخب نمائندوں کی ضرورت ہے جو حقائق کو دیکھنے کے بعد جرات مندانہ فیصلے کر سکیں اور غلط چیزوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں