امریکہ کے ایران پر مسلسل تیسرے روز بھی حملے جاری، مختلف شہروں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں
تہران: (دنیا نیوز) امریکی فورسز کے ایران پر مسلسل تیسرے روز بھی حملے جاری ہیں، جن میں مختلف شہروں میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے ساحلی شہر کونارک میں 3، بوشہر اور چغادک میں 6 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، دھماکے بندر عباس میں بھی ہوئے۔
گزشتہ روز بھی امریکہ نے ایران کی شہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے تھے، جن میں 5 صوبوں میں 90 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بوشہر، چاہ بہار، بندر عباس، سِرک، کونارک، جسک اور ابو موسیٰ میں دھماکے ہوئے تھے۔
امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 14 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، خوزستان میں پاسداران انقلاب کے 3 اہلکار اور ایران شہر ایئر پورٹ پر حملے میں فائر فائٹر شہید ہوئے تھے۔
ایرانی حکام کے مطابق بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب فضائی حملہ کیا گیا تھا، چاہ بہار میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا، میزائل کا ملبہ گرنے سے امام علی ہسپتال کو نقصان پہنچا۔
علاوہ ازیں صوبہ گلستان کے شہر عقلہ میں ریلوے پل کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی۔