سعودی امریکا جوہری معاہدہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، نفتالی بینٹ

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے سابق وزیرِاعظم نفتالی بینٹ نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ سول جوہری معاہدہ اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو امریکی ٹیکنالوجی کی مدد سے جوہری ری ایکٹرز تعمیر کرنے اور یورینیئم افزودہ کرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ اس کا مقصد سعودی عرب کو پُرامن مقاصد کے لیے سول جوہری پروگرام کے قیام میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق معاہدے کی خبروں کے بعد اسرائیل میں مشرقِ وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ کے خدشات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اعتماد میں لیے بغیر سعودی عرب کے ساتھ جوہری معاہدہ ایک سنگین اسٹریٹجک ناکامی ہے، جو اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی سرزمین پر یورینیئم افزودگی کی اجازت خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ اور خطرناک عدم استحکام کا سبب بن سکتی ہے۔

سابق اسرائیلی وزیرِ دفاع ایویگڈور لیبرمین نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ اس جوہری پروگرام کے نتیجے میں سعودی عرب کی جوہری ہتھیاروں تک رسائی ممکن ہوسکتی ہے، جس سے پورے مشرقِ وسطیٰ میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل، جسے خطے کی واحد جوہری طاقت تصور کیا جاتا ہے، کو اس معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی کانگریس پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ اسے روکا جا سکے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے وزرائے دفاع و خارجہ نے تاحال اس مجوزہ معاہدے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ اسرائیل کے طویل المدتی سلامتی مفادات کو متاثر کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری معاہدے پر گزشتہ کئی برسوں سے کام جاری تھا۔ اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ اور بعد ازاں سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں بھی کوششیں کی گئیں، تاہم مختلف وجوہات کے باعث معاہدہ حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...