اقوام متحدہ کا کانگو میں ایبولا وبا قابو سے باہر ہونے پر ہنگامی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے کانگو میں ایبولا وبا قابو سے باہر ہونے پر ہنگامی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سینئر ایبولا کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس اور عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیوایف پی ) کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارل اسکاؤ نے جمہوریہ کانگو کے صوبہ اِتوری کے دارالحکومت بنیا سے آن لائن بریفنگ میں یہ اپیل کی۔

جولین ہارنیس نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کانگو میں ایبولا کے باعث 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور کیسز تقریباً ہر 20 دن میں دوگنے ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وبا کے پھیلاؤ اور امدادی کوششوں کے درمیان فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔

کارل اسکاؤ نے کہا کہ جمہوریہ کانگو میں ایبولا کی موجودہ وبا اب تک کا سب سے تیزی سے پھیلنے والا بحران ہے، انہوں نے موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں کانگو میں ایک ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مغربی افریقہ میں ایک ہزار اموات تک پہنچنے میں آٹھ ماہ لگے تھے۔

اقوام متحدہ کے حکام نے ایبولا سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر اضافے، مزید فنڈز، طبی سامان، ماہر ٹیموں اور متاثرہ علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

کارل اسکاؤ کے مطابق، مشرقی کانگو میں جاری طویل تنازعے کے باعث تقریباً ایک کروڑ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، ایبولا کا مرکز بننے والا صوبہ اِتوری بھی سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں تقریباً 20 لاکھ افراد کو غذائی امداد کی ضرورت ہے۔

ہارنیس نے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنی سرحدیں کھلی رکھیں تاکہ ایبولا سے نمٹنے والی ٹیمیں متاثرہ ملک تک پہنچ سکیں، امدادی سامان تیزی سے منتقل کیا جا سکے اور عملہ ضرورت کے مطابق سفر کر سکے۔

انہوں نے بتایا کہ جمہوریہ کانگو کے لئے اقوام متحدہ کے انسانی امدادی منصوبے کو 2.1 ارب امریکی ڈالر درکار ہیں، تاہم اب تک صرف 45 فیصد فنڈز ہی فراہم کیے گئے ہیں۔

کارل اسکاؤ نے کہا کہ عالمی ادارہ خوراک کو کانگو میں ایبولا ردعمل کے لئے آئندہ چھ ماہ کے دوران 76 ملین امریکی ڈالر درکار ہیں، جو صرف رسد اور انتظامی امور کے لئے ہیں، خوراک کی فراہمی اس میں شامل نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...