نئے انتظامی یونٹس کا قیام، سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے فیصلے کریں: احسن بھون

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر احسن بھون نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام بنیادی مسائل کا حل ہے، سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے فیصلے کریں۔

پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن بھون نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گوہر اعجاز، ایس ایم تنویر اور میاں عامر محمود کو مبارکباد دیتا ہوں، میاں عامر محمود نے تمام مسائل کی نشاندہی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو یونٹس نہ بنانا اصل مسئلہ ہے، آئین کا آرٹیکل ون کہتا ہے کہ نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس بنائے جا سکتے ہیں، یہی بنیادی مسائل کا حل ہے۔

احسن بھون نے کہا کہ ایک پارٹی حکومت میں آتی ہے تو دوسری پارٹیوں کے حقوق کو بھول جاتی ہے، سیاست دانوں کو اختلاف رائے سننے کی ہمت پیدا کرنی چاہیے، تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے صوبوں کے مطالبات کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتا ہے، ہماری فورسز ملک کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں، پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، فیلڈ مارشل اور محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

احسن بھون نے کہا کہ میاں عامر محمود نے بہت اچھے طریقے سے مسائل کی نشاندہی کی ہے، حکومت کو ان مسائل کو دیکھنا ہوگا، ہم سب کو مل کر عوام کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...