کراچی: شریف آباد ڈکیتی مزاحمت پر 3 سالہ بچی کے قتل کیس کا ڈراپ سین
کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایف سی ایریا رئیس امروہوی کالونی میں کمسن بچی فروا کے جاں بحق ہونے کا کیس چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر بچی کے والد نے دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے کا دعویٰ کیا تھا، پولیس کو جائے وقوعہ کی نشاندہی نہیں کروائی گئی، جبکہ موقع سے نہ خون ملا اور نہ ہی پستول کے خول برآمد ہوئے، ملزم بچی کی میت کا پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی عباسی شہید ہسپتال سے لے کر روانہ ہوگیا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں لواحقین کے بیانات میں بھی واضح تضاد پایا گیا، شریف آباد پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی سے جھوٹا ڈرامہ بے نقاب کر دیا، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بچی فروا کو اس کے والد محمد رحمان سے ہی حادثاتی طور پر گولی لگی، ملزم محمد رحمان رائفل صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتاری سے بچنے کیلئے ملزم نے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، شریف آباد پولیس نے ملزم محمد رحمان کو گرفتار کر لیا، اور آلہ قتل رائفل بھی برآمد کر لیا،
پولیس کی جانب سے ملزم کے تبدیل کیے گئے خون آلود کپڑے بھی برآمد کر لیے گئے، جبکہ مقدمے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments