لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں، ترک صدر

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی لبنان میں فوجی کارروائیوں کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔

لبنانی صدر جنرل جوزف عون کے ساتھ صدارتی محل میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ 17 برس بعد کسی لبنانی صدر کا ترکیہ کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے، صدر جوزف عون کی قیادت لبنان میں امن اور استحکام کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں جنوبی لبنان میں جاری اسرائیلی قبضے، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، لبنان برسوں سے علاقائی تنازعات کا شکار رہا ہے، اس لیے خطے میں پائیدار امن قائم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ لبنان کو پہنچے گا۔

صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ لبنان کے ریاستی اداروں کی استعداد بڑھانے، انسانی امداد، تکنیکی تعاون اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو میں اپنی بھرپور معاونت جاری رکھے گا۔

انہوں نے لبنان اور شام کے درمیان بڑھتے سفارتی روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور علاقائی استحکام کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ترک صدر نے لبنانی عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ابتدا ہی سے اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتا آیا ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جرائم کو اجاگر کرتا رہا ہے۔

اس دوران لبنان کے صدر جنرل جوزف عون نے کہا کہ ترکیہ اور لبنان کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات موجود ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے پر دونوں ممالک کی قیادت متفق ہے۔

صدر جوزف عون نے ترک ہم منصب کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نازک علاقائی حالات میں دونوں ممالک کا قریبی تعاون مشرقِ وسطیٰ کے امن، استحکام اور ترقی کیلئے نہایت اہم ثابت ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...