کلینک میں فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما قتل، فوٹیج سامنے آ گئی
لاہور: (دنیا نیوز) گلبرگ کے علاقے غالب مارکیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کلینک کے اندر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا جبکہ ایک ڈاکٹر بھی زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عبداللہ طاہر کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق اوکاڑہ سے تھا۔ وہ ٹھیکیداری کا کام کرتے تھے اور فزیو تھراپی کے لیے گلبرگ آئے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل اوکاڑہ میں ان کا لڑائی جھگڑے کا ایک واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق فائرنگ کے دوران کلینک میں موجود ڈاکٹر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ گولی ان کے بازو میں لگی، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب گلبرگ میں پی ٹی آئی اوکاڑہ سے ایم پی اے کے ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
فوٹیج میں دونوں ملزمان کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے موٹرسائیکل سے اترنے کے بعد بھی ہیلمٹ نہیں اتارے اور ہیلمٹ پہنے ہوئے ہی کلینک کے اندر داخل ہوئے۔
ایک اور منظر میں دونوں شوٹرز کو بازار سے موٹرسائیکل پر گزرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق عبداللہ طاہر کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments