بورڈ آف پیس نے غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد کا روڈ میپ جاری کردیا
غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں قیامِ امن کے لیے قائم بورڈ آف پیس نے جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے جامع روڈ میپ جاری کر دیا، جس کے تحت 14 روز کے اندر عمل درآمد کے لیے ٹائم فریم تیار کیا جائے گا، جبکہ منصوبے پر مرحلہ وار عمل ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق تمام فریقوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے غزہ سے اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا، معمولاتِ زندگی کی بحالی، تعمیرِ نو، ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور فلسطینی ریاست کے انتظامی ڈھانچے کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
بورڈ آف پیس نے کہا ہے کہ اسرائیل شرم الشیخ پروٹوکول کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری طور پر پوری کرے، جبکہ حماس اور دیگر فلسطینی گروپس عسکری کارروائیاں روکنے کے پابند ہوں گے۔ روڈ میپ کے مطابق 14 روز میں ٹائم فریم تیار ہونے کے بعد ایک قومی کمیشن غزہ کے انتظامی اور شہری امور سنبھالے گا۔
منصوبے کے تحت قومی کمیشن اور بین الاقوامی فورسز کی آمد کے بعد بھاری ہتھیار قومی کمیشن کی تحویل میں لیے جائیں گے، اس مقصد کے لیے بھی 14 روز کے اندر طریقۂ کار مرتب کیا جائے گا۔ روڈ میپ میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی ہتھیار اسرائیل یا کسی غیر فلسطینی گروہ کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔
بورڈ آف پیس کے مطابق اس منصوبے پر عمل درآمد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرے گا، جبکہ غزہ میں بھاری ہتھیاروں کو تحویل میں لینے کا عمل مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا سے مشروط ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments