امریکا کی معاشی جنگ میں مدد کرنے والے ممالک کے مفادات کو نشانہ بنائیں گے، محسن رضائی
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ دیگر ممالک ایران کے خلاف اقتصادی اقدامات میں امریکا کا ساتھ دینے سے گریز کریں بصورت دیگر ایران ان کے مفادات کو نشانہ بنائے گا۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ ایران پر حملوں کے ساتھ ٹرمپ کی حماقتوں نے دنیا بھر کے ممالک میں ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش کو بڑھا دیا، اس خواہش میں تب اضافہ ہوا جب دیکھا گیا آئی اے ای اے اور جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کی رکنیت امریکی حملوں کو روکنے میں غیر مؤثر رہی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے جوہری سلامتی کے بجائے جوہری عدم تحفظ پیدا کیا، ایران نے تمام بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کو قبول کیا، ایران واحد ملک ہے جو ایٹمی ضوابط کی پاسداری میں تمام ممالک سے آگے ہے، ایران کو امریکا کے ساتھ تنازع اور اپنے سفارتی طرز عمل میں تبدیلی لانی چاہیے۔
محسن رضائی نے کہا کہ آج کا ایران جنگ سے پہلے والا ایران نہیں، فوجی تقرریاں نشاندہی کرتی ہیں کہ ایران جنگ کیلئے ہر دم تیار رہنے کا ارادہ رکھتا ہے، ایرانی نوجوانوں میں امریکا کا امن پسند ملک کا تصور یکسر بدل چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سمجھ چکی ہے ٹرمپ بے وقوف انسان ہیں، دنیا ایران کو نئے انداز سے دیکھ رہی ہے، جنگ کے طریقے میں تبدیلی لائی جائے گی، امریکا سے جنگ کے تجربات اگلی جنگ میں استعمال کریں گے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق امریکی سمجھتے تھے جنگ ختم کر کے تیل اور گیس پر قبضہ کر لیں گے، جنگ میں 1200 آئل ٹینکر استعمال کے قابل نہیں رہے، 15 فیصد عالمی فلیٹ ناکارہ ہوگیا، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی باہر نہیں جائے گا، ہم تیل کی برآمد کے دیگر راستوں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔
محسن رضائی نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کو اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر اقتصادی جنگ مسلط کرنے کیلئے قائل کیا، ٹرمپ شکوک و شبہات کا شکار تھے لیکن نیتن یاہو نے قائل کیا کہ وہ اس اقدام کو محض 2 سے 3 ماہ تک آزما کر دیکھیں اور پھر جائزہ لیں کہ آیا اسے مزید 6 ماہ تک جاری رکھنا ہے یا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments