نیپال اور تبت میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 390 ہوگئیں، ایک ہزار سے زائد افراد لاپتہ

کٹھمنڈو: (دنیا نیوز) نیپال اور تبت میں تباہ کن سیلاب سے ہلاک افراد کی تعداد 389 ہوگئی۔ تباہ کن سیلاب کے بعد ایک ہزار سے زائد افرادلاپتہ ہیں۔

نیپال میں گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، لاپتہ افراد میں سے 540 سے زائد غیر ملکی ہیں۔

حکام کے مطابق گلیشیئر کے بڑے حصے کے منہدم ہونے سے چٹانوں، برف، کیچڑ اور ملبے پر مشتمل سیلابی ریلہ دریائی نظام میں داخل ہوا اور دیہات، سڑکوں، پلوں اور دیگر اہم تنصیبات کو بہا لے گیا۔

نیپالی حکام ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ دریا کے بہاؤ کے ساتھ دور دراز علاقوں سے درجنوں لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

نیپال اور چین نے مزید سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے کیونکہ ملبے سے بننے والی جھیلوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور ان کے پھٹنے کا خدشہ ہے، چین کے مطابق آئندہ تین روز میں تقریباً 30 لاکھ مکعب میٹر پانی ایک پہلے سے بند جھیل میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے یکم ستمبر کے قریب شدید سیلابی ریلے کا خطرہ ہے۔

چین کے سرحدی علاقے گیارونگ میں بھی سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جہاں سرحدی کمپلیکس مکمل طور پر ملبے میں تبدیل ہوگیا جبکہ 558 افراد لاپتہ ہیں جن میں 260 غیر ملکی شامل ہیں اور تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیپال میں لاپتہ غیر ملکیوں میں 288 بھارتی، 63 امریکی، 51 ملائیشین، 34 آسٹریلوی، 33 برطانوی اور 25 کینیڈین شہری شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...