جرمنی نے دوسری جنگ عظیم جیسے حالات پیدا کردیے ہیں: روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے لائپزگ ایئرپورٹ پر ڈرون حملے سے متعلق جرمن الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی ایک بار پھر جنگ چاہتا ہے۔

روسی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں سرگئی لاوروف نے جرمنی کے حالیہ اقدامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجموعی طور پر یہ ایک حقیقی جنگ کی شروعات ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی نے بون سے روسی قونصلیٹ جنرل نکال دیا اور اب برلن میں قائم روسی ہاؤس ثقافتی مرکز کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔

لاوروف نے موجودہ صورتحال کا دوسری جنگ عظیم سے قبل کے حالات سے موازنہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جرمنی ایک بار پھر جنگ کا خواہاں ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے جرمنی پر ناززم کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ روسی قیادت موجودہ صورتحال سے مناسب نتائج اخذ کرے گی۔

جرمن حکومت نے حال ہی میں ماسکو پر مشرقی جرمنی کے اہم لائپزگ ایئرپورٹ پر بارود سے لدے ڈرون کے ذریعے مبینہ ہائبرڈ حملے کی ناکام کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔

واقعے کے بعد روس اور جرمنی کے درمیان سفارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی، جبکہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ثقافتی مراکز بند کر دیے اور روسی سفیروں کو بھی یورپی یونین کے متعدد ممالک نے طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

روس اور جرمنی کے درمیان یہ کشیدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین جنگ کو ساڑھے چار سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور جرمنی یوکرین کے اہم اتحادیوں اور امداد دہندگان میں شامل ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...