روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی سفارتی کوششیں تیز، وِٹکوف اور کشنر کیف پہنچ گئے

کیف: (دنیا نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وِٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں اہم مذاکرات کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئے۔

جنگ کے آغاز کے بعد وِٹکوف اور کشنر کا کیف کا یہ پہلا دورہ ہے، ان کی آمد ایسے وقت میں ہوئی جب روس کی جانب سے یوکرین کے مختلف علاقوں میں میزائل اور ڈرون حملے جاری ہیں۔

کیف پہنچنے کے بعد امریکی وفد نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی، جبکہ اس موقع پر اسٹیو وِٹکوف نے تاریخی سینٹ صوفیہ کیتھیڈرل کا دورہ بھی کیا، جو روسی حملے سے متاثر ہوا ہے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین مذاکرات کے لیے تیار ہے اور جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، تاہم پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی ضمانتیں بھی ضروری ہیں۔

زیلنسکی کے مطابق یوکرین باوقار امن چاہتا ہے اور اس حوالے سے اپنی تجاویز تیار کرچکا ہے۔ انہوں نے امریکی نمائندوں کے کیف دورے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یوکرینی صدارتی دفتر کے سربراہ کیریلو بودانوف کے مطابق فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے نمائندے بھی کیف میں موجود ہیں اور اہم مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب روسی اور یوکرینی دارالحکومتوں ماسکو اور کیف کے لیے 72 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی بھی نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت دونوں جانب سے دارالحکومتوں پر فضائی حملے روکنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

تاہم جنگ بندی کا اطلاق صرف ماسکو اور کیف تک محدود ہے، جس کے باعث روس نے یوکرین کے دیگر علاقوں میں حملے جاری رکھے، جبکہ کیف شہر کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...