صدر ٹرمپ کو دھچکا: الاسکا میں سینیٹ انتخابات کے نتائج روکنے کی درخواست مسترد
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور دھچکا لگ گیا، امریکی جج نے الاسکا میں سینیٹ انتخابات کے نتائج روکنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست مسترد کر دی۔
امریکی وفاقی عدالت نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے الاسکا کے انتخابی نتائج کی تصدیق روکنے کے لئے دائر مقدمہ خارج کر دیا ہے، عدالت نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سنایا ہے جب الاسکا میں ریپبلکن سینیٹر ڈین سلیوان اور ڈیموکریٹ امیدوار میری پیلٹولا کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایک ہم نام امیدوار کو ملنے والے ووٹ انتخابی نتائج پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج شیرون گلیسن نے اینکریج میں مقدمہ خارج کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست مسترد کر دی، یہ فیصلہ انتخابات میں وفاقی حکومت کے اختیارات بڑھانے کی ٹرمپ انتظامیہ کی کوششوں کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی آئین کے تحت انتخابات کے انتظام اور انعقاد کی بنیادی ذمہ داری ریاستوں پر عائد ہوتی ہے، ٹرمپ انتظامیہ انتخابی نگرانی سخت کرنے اور ووٹرز کے رجسٹریشن ریکارڈ تک وفاقی رسائی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
تاہم ناقدین ان اقدامات کو ریاستی اختیارات میں وفاقی مداخلت قرار دیتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments