روسی وفد کی امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ سے ملاقات خوش آئند ہے، کریملن

ماسکو: (شاہد گھمن) روس نے امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن میں روسی اور یوکرینی وفود کی ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ روسی وفد کی ملاقات کو مثبت انداز میں دیکھتا ہے، انہوں نے اس بات کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ اس ملاقات میں یوکرینی نمائندوں نے شرکت کی۔

دمتری پیسکوف نے ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ روس یقیناً اس پیش رفت کو مثبت سمجھتا ہے، ان کے مطابق سب سے اہم بات یہ ہے کہ انسانی ہمدردی کے معاملات پر مثبت ماحول اور تعاون جاری رکھنے کی خواہش برقرار ہے۔

کریملن کے ترجمان نے کہا کہ روس ایسے انسانی ہمدردی کے اقدامات کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے جن کی مثال حال ہی میں خیرسون کے علاقے الیوشکی میں ہونے والی کارروائی کی صورت میں سامنے آئی۔

امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے 5 نومبر کو وائٹ ہاؤس میں روس اور یوکرین کے نمائندوں کی میزبانی کی تھی، یہ ملاقات اکتوبر کے اواخر میں خیرسون کے علاقے الیوشکی میں انجام دی گئی انسانی ہمدردی کی کارروائی کے بعد ہوئی۔

کریملن کے بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کا اہم پہلو انسانی ہمدردی سے متعلق معاملات پر مثبت رابطوں اور تعاون کی خواہش کا برقرار رہنا ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے باوجود دونوں ممالک کے نمائندوں کی امریکی خاتونِ اول کے ساتھ ملاقات کو ماسکو نے مثبت قرار دیا ہے، تاہم ملاقات کے دوران ہونے والی تفصیلی گفتگو، کسی نئے معاہدے یا آئندہ مشترکہ اقدامات کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

کریملن کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل میں بنیادی توجہ انسانی ہمدردی کے اقدامات پر مرکوز رہی اور روسی ترجمان نے اس نوعیت کے تعاون کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...