اسرائیلی حملے ،8فلسطینی شہید 697لاپتہ افراد کی موت کی تصدیق
غزہ (اے ایف پی)اسرائیل کی فلسطین کے علاقوں میں بمباری سے مزید 8فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ جنگ میں لاپتہ سینکڑوں افراد کی موت کی تصدیق کے بعد شہید ہونے والوں کی تعداد 52ہزار 243تک جاپہنچی ہے ۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ اتوار کو اسرائیلی حملوں میں آٹھ افراد شہید اوربیسیوں زخمی ہوئے ۔
ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ غزہ شہر کے زیتون محلے میں شہریوں کے ایک گروپ پر حملے میں تین افراد اور مرکزی بوریج پناہ گزین کیمپ میں رہائشی عمارت پرحملے میں تین افراد شہید ہوئے ۔جنوبی خان یونس کے علاقے میں دو افراد شہیدہوئے ، جن میں ایک 17 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جس پر خزاء قصبے پر حملہ ہوا اور ایک اور شخص اس وقت مارا گیا جب اسرائیلی فورسز نے ساحل پر ماہی گیری کی کشتیوں کو نشانہ بنایا۔ خان یونس کے قریب المواسی میں ایک حملے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے ، جن میں زیادہ تر بچے تھے ۔ غزہ میں وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا کہ جنگ میں شہید ہونے والوں کی تعداد کم از کم 52ہزار 243 ہو گئی ہے ، سینکڑوں افراد پہلے لاپتا تھے جن کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے ۔لاپتہ افراد کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کی طرف سے ڈیٹا مکمل ہونے اور تصدیق کرنے کے بعد مجموعی اعدادوشمار میں مزید 697 شہدا کا اضافہ کیا گیا ہے ۔