حیدر آباد:فتنہ الہند ایس آراے دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد
قاسم آباد میں خفیہ اطلاع پرسی ٹی ڈی کی کارروائی، تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام
حیدرآباد (بیورورپورٹ)سی ٹی ڈی نے حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کالعدم سندھ ریولوشن آرمی کے دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بارودی مواد برآمد کرکے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، سی ٹی ڈی حیدرآباد نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے قاسم آباد میں فتنہ الہندوستان کے کالعدم ایس آر اے کے تربیت یافتہ دہشت گردکو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد، اسلحہ ، لیپ ٹاپ ، نقد رقم ، ڈرائیونگ لائسنس اور ممنوعہ اشیاء برآمد کرلیں، انچارج سی ٹی ڈی حیدرآباد آصف حیات کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کا نام ابھی خفیہ رکھا ہوا ہے اور اس کے ساتھیوں کی تلاش کے لئے اسپیشل برانچ کی ٹیم ، بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت دیگر فورسز کے ساتھ سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔