طلاق مو ثر ہونے تک بیوی خرچ کی حق دار :لاہور ہائیکورٹ

 طلاق مو ثر ہونے تک بیوی خرچ کی حق دار :لاہور ہائیکورٹ

قانون کے تحت صرف عدت کی مدت تک خرچ دیا جا سکتا ہے :وکیل درخواستگزار طلاق کے بعد بیوی کو خرچ دینے کے عدالتی حکم کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں طلاق کے بعد بھی بیوی کو خرچ دینے کے عدالتی حکم کیخلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصل آباد کے رہائشی سیف اللہ کی طلاق کے باوجود بیوی کو خرچ دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے قرار دیا کہ جب تک طلاق قانونی طور پر مو ثر نہ ہو جائے ، بیوی خرچ کی حق دار رہتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیف اللہ نے 2016 میں خورشید بی بی سے شادی کی تاہم اولاد نہ ہونے کی بنیاد پر 2025 میں طلاق ہو گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شوہر نے طلاق سے پہلے دوسری شادی کر لی تھی۔ جس پر وکیل نے مو قف اختیار کیا کہ اولاد نہ ہونے پر شوہر نے دوسری شادی کی، بیوی نے خرچے کے حصول کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے طلاق مو ثر ہونے تک خرچ ادا کرنے کا حکم دیا ،قانون کے تحت طلاق کے بعد صرف عدت کی مدت تک خرچ دیا جا سکتا ہے ، لہٰذا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں