ریٹائرڈ ملازمین کی عارضی سروس بھی پنشن کیلئے شمار کرنے کا حکم
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کو بڑی سہولت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر کی گئی سابقہ سروس بھی پنشن کے لیے قابل شمار ہوگی اور اس کے برعکس جاری کیے گئے دفتری احکامات کالعدم قرار دے دیے گئے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سی اے اے کے قواعد کے مطابق اگر کسی ملازم کی سروس عارضی یا ڈیلی ویجز بنیاد پر شروع ہو اور بعد میں بغیر کسی وقفے کے مستقل ہو جائے تو وہ سروس پنشن کے لیے شمار ہوگی۔ عدالت نے اپنے حکم میں 2015 کے متنازع دفتری احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سی اے اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کی مکمل سروس، بشمول ڈیلی ویجز مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشن اور دیگر واجبات کا ازسرنو حساب لگایا جائے اور دو ماہ کے اندر اندر تمام ادائیگیاں کی جائیں۔