ون کانسٹیٹیوشن منصوبہ،میرا کوئی اپارٹمنٹس نہیں:سعد رفیق
سوشل میڈیاپر بے بنیاد مہم چلائی جارہی، پروپیگنڈا پر قانونی کارروائی کی وارننگ حکومت سے سی ڈی اے کو نقصان کے ازالے ، ذمہ داروں کیخلاف ایکشن کا مطالبہ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد کے ون کانسٹیٹیوشن پروجیکٹ میں اپنی یا اپنے خاندان کی کسی بھی قسم کی شراکت داری یا اپارٹمنٹس کی ملکیت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس منصوبے میں ان کی کوئی سرمایہ کاری نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے ، حالانکہ وہ پہلے بھی اس حوالے سے وضاحت کر چکے ہیں کہ نہ ان کا اور نہ ہی ان کے خاندان کے کسی فرد کا اس پراجیکٹ سے کوئی تعلق ہے ۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا جاری رہا تو وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض سیاسی مخالفین اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس اس مہم میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور سیاستدان بعض عالمی معاملات پر اپنے مو قف کے باعث بھی تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں، تاہم بے بنیاد الزامات قابل قبول نہیں۔سابق وزیر نے مزید کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں حکومت کو اس منصوبے کے حوالے سے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ یقینی بنانا چاہیے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے ۔انہوں نے زور دیا کہ جن افراد نے اس منصوبے میں قانونی طور پر سرمایہ کاری کی ہے ، ان کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ کیا جائے اور تمام معاملات قانون کے مطابق نمٹائے جائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام فریقین کے ساتھ منصفانہ سلوک کرے گی اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔