قیام عدل: انبیاء ؑکی سنت

تحریر : مفتی ڈاکٹر محمد کریم خان


’’اور کہہ دیجئے کہ میرے رب نے مجھے انصاف کا حکم دیا ہے‘‘(سورۃ الاعراف: 29) ’’اور اگر تم ان کے درمیان فیصلہ کرے تو انصاف کیساتھ کر، بیشک اللہ انصاف کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے‘‘ (المائدہ) ’’اور کسی قوم کی دشمنی کے باعث عدل کو ہرگز نہ چھوڑو، عدل کرو یہی تقویٰ کے بہت زیادہ قریب ہے(المائدہ: 8)جس نے قاضی کا مرتبہ حاصل کیا، پھر اس کا انصاف اس کے ظلم پر غالب ہو تو اس کیلئے جنت ہے(ابو داؤد:3575)

کسی بھی قوم کی نشوؤنما اور تعمیر وترقی کیلئے عدل و انصاف ایک بنیادی ضرورت ہے۔ جس سے مظلوم کی نصرت، ظالم کا قلع قمع اور جھگڑوں کا فیصلہ کیا جاتا ہے، حقوق کو ان کے مستحقین تک پہنچایا جاتا ہے، دنگا فساد کرنے والوں کو سزائیں دی جاتی ہیں تاکہ معاشرے کے ہر فرد کی جان و مال، عزت و حرمت اور مال و اولاد کی حفاظت کی جا سکے۔ یہی وجہ ہے اسلام نے قیام عدل کا انتہا درجہ اہتمام کیا ہے اوراسے انبیاء کی سنت بتایا ہے۔ 

نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے لوگوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے فرمایا: ’’اے نبی کریمﷺ! آپﷺ لوگوں کے درمیان اللہ کی نازل کردہ ہدایت کے مطابق فیصلہ کریں‘‘۔ نبی کریمﷺ کی حیات مبارکہ مسلمانوں کیلئے دین و دنیا کے تمام امور میں مرجع کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کی تنہا ذات میں حاکم،قائد،مربی،مرشد اور منصف اعلیٰ کی تمام خصوصیات جمع تھیں۔جو لوگ آپ ﷺ کے فیصلے پر راضی نہیں ہوئے ا ن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں سنگین وعید نازل فرمائی اور اپنی ذات کی قسم کھا کر آپﷺ کے فیصلے تسلیم نہ کرنے والوں کو اسلام سے خارج قرار دیا ہے۔

نبی کریمﷺکے بعد خلفاء راشدین سیاسی قیادت،عسکری سپہ سالاری اور دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ منصف و قاضی کے  مناصب پر بھی فائز رہے اور خلفاء راشدین نے اپنے دور ِخلافت میں دور دراز شہروں میں متعدد قاضی بنا کر بھیجے۔ آئمہ محدثین نے نبیﷺ اور صحابہ کرامؓ کے فیصلہ جات کو کتبِ احادیث میں نقل کیا ہے۔ اور بعض اہل علم نے نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ کے فیصلہ جات پر مشتمل کتب بھی تصنیف کی ہیں۔

قرآن کی روشنی میں

 نظام عدل ایک نہایت با عزت منصب ہے، اس کا احترام اور تعظیم کرنا فر ض ہے۔دین ِاسلام میں اس کام کی جواہمیت اور مقام و مر تبہ ہے اس سے واقفیت حاصل کر نی چا ہیے۔اسی منصب کی تکمیل کیلئے اللہ تعالیٰ نے انبیاء کرام علیہم السلام بھیجے۔ عدل اللہ تعالیٰ کی صفت ہے۔ اس کے اسماء الحسنی میں ایک اسم مبارک بھی ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی بات، فیصلہ اور حکم توازن و تناسب کے منافی نہیں ہوتا۔ وہ حق عدل ہے اور اس کی ذات پاک سے صادر ہو نے والی ہر شے حق و عدل ہے۔ ارشا د باری تعالیٰ ہے: ’’اور اللہ حق کے ساتھ فیصلہ فرمائے گا(الغافر:20)۔ اس آیت مبارکہ میں قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کا انسانی اعمال کے بارے میں فیصلہ کا بیان ہے کہ اس دن اللہ تعالیٰ بے لاگ فیصلہ فرمائے گا۔ جس میں کسی کی بھی حق تلفی نہیں کی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو عدل و انصاف کے ساتھ فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے ’’قضا‘‘ کے منصب پر فائز کیا اور اس کے کچھ اصول مقرر کیے جیسا کہ قرآنِ مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اور فرما دیجئے میں اس کتاب پر ایمان رکھتا ہوں جو اللہ نے نازل فرمائی ہے اور مجھے حکم ہوا ہے کہ میں تمہارے درمیان عدل قائم کروں (الشوری: 15)۔  دوسری جگہ ارشاد ربانی ہے ’’اور کہہ دیجئے کہ میرے رب نے مجھے انصاف کا حکم دیا ہے‘‘(الاعراف: 29)۔

ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’اور اگر تو ان کے درمیان فیصلہ کرے تو انصاف کے ساتھ فیصلہ کر، بے شک اللہ انصاف کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے‘‘ (المائدہ: 42)۔ اسی طرح سورۃ المائدہ میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’اور کسی قوم کی دشمنی کے باعث عدل کو ہرگز نہ چھوڑو، عدل کرو یہی تقویٰ کے بہت زیادہ قریب ہے(المائدہ: 8)۔

احادیث مبارکہ کی روشنی میں

حضرت ابوبکرؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے سنا کہ کوئی حاکم دو آدمیوں کے درمیان غصے کی حالت میں فیصلہ نہ کرے (جامع ترمذی: 1334)۔ حضرت عبداللہ بن عمرو اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب حاکم اجتہاد کر کے فیصلہ کرے اور صواب کو پہنچے (درست فیصلہ کرے) تو اس کیلئے دو اجر ہیں اور جب اجتہاد کر کے فیصلہ کرے اور خطا کر جائے تو اس کیلئے ایک اجر ہے(سنن ابی داؤد:3574)

حضرت بریدہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قاضی تین قسم کے ہیں، ان میں سے ایک جنت میں اور دو دوزخ میں ہیں، جنتی وہ ہے جو حق کو پہچانے اور اس کا فیصلہ کرے، اور جو شخص حق کو تو پہچانے مگر فیصلے میں ظلم کرے تو وہ آگ میں ہے اور جو شخص جہالت کی بنا پر لوگوں کے فیصلے کرے وہ بھی آگ میں ہے (ابو داؤد: 3573)

حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے مسلمانوں کا قاضی بننے کا مطالبہ کیا یہاں تک کہ یہ مرتبہ حاصل کر لیا، پھر اس کا انصاف اس کے ظلم پر غالب ہو، تو اس کیلئے جنت ہے، اور جس کا ظلم اس کے انصاف پر غالب ہو، اس کیلئے آگ ہے۔(سنن ابی داؤد:3575)

حضرت معاذ بن جبل ؓ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ نے انہیں یمن بھیجا تو فرمایا ؟ جب تمہارے سامنے کوئی مقدمہ پیش ہو تو تم کیسے فیصلہ کرو گے، تو انہوں عرض کیا: اللہ تعالیٰ کی کتاب کے مطابق فیصلہ کروں گا، فرمایا: اگر تم اللہ کی کتاب میں نہ پاؤ تو؟ عرض کیا اللہ تعالیٰ کے رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ فرمایا: اگر تم رسول اللہ ﷺ کی سنت میں بھی نہ پاؤ تو؟، عرض کیا میں اپنے قیاس سے اجتہاد کروں گا، اور کوتاہی نہیں کروں گا رسول اللہ ﷺ نے ان کے سینے پر دست اقدس مار کر فرمایا: اللہ تعالیٰ کیلئے ہر تعریف ہے جس نے رسول اللہﷺ کے نمائندے کو اس چیز کی توفیق دی ہے جسے رسول اللہ ﷺپسند کرتے ہیں۔ (سنن ابی داؤد: 3592)

 حضرت علی المرتضیٰؓسے روایت ہے کہ مجھے رسول اللہﷺ نے قاضی بنا کر یمن بھیجا ، میں نے عرض کیا :کہ یا رسول اللہﷺ! آپﷺ مجھے بھیج رہے ہیں حالانکہ میں نو عمر ہوں اور مجھے فیصلہ کرنے کا علم نہیں ہے۔ فرمایا: اللہ تعالیٰ تمہارے دل کو ہدایت اور تمہاری زبان کو پختگی عطا فرمائے گا، جب دو شخص تمہارے پاس مقدمہ پیش کریں تو پہلے کیلئے فیصلہ نہ کرنا، یہاں تک کہ دوسرے کی بات نہ سن لو۔ فرماتے ہیں: اس کے بعد مجھے کسی فیصلے میں شک واقع نہیں ہوا۔ (سنن ابی داؤد: 3582)

حضرت عبداللہ بن ابی اوفی ؓسے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ قاضی کے ساتھ ہوتا ہے جب تک وہ ظلم نہ کرے ،جب اس نے ظلم کیا تو اس سے جدا ہو جاتا ہے اور شیطان اسے پکڑ لیتا ہے۔(جامع ترمذی:1330)، حضرت عبداللہ بن عمروؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے رشوت دینے والے اور رشوت لینے والے پر لعنت فرمائی۔(جامع ترمذی:1337)

اسلام میں سب سے پہلے قاضی خود رسول اللہﷺ تھے جنہوں نے عدل کا بول بالا کیا۔ نبی کریم ﷺکے عدالتی طریق کار کے بعد حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کا عہد ِقضا آتا ہے، ان کے معمول کے متعلق رئیس احمدجعفری لکھتے ہیں:’’اگر کتاب وسنت سے کوئی نظیر نہیں ملتی تھی تو وہ باہر تشریف لے جاتے اور مسلمانوں سے کہتے کہ میرے سامنے یہ مسئلہ درپیش ہے، کیا تم جانتے ہو؟وہ اس کے بارے میں جو بات کہتے ان سے مشورہ کرکے قرآن وسنت کی روشنی میں فیصلہ کرتے۔(سیاست شرعیہ، ص127 )

حضرت عمرؓ نے بھی حضرت ابوبکر ؓ والا اصول اپنایا کہ پہلے قرآن وسنت سے مسئلے کا فیصلہ ڈھونڈتے تھے۔ اس کے بعد دیکھتے تھے کہ حضرت ابوبکر ؓ کے زمانے میں اس کے بارے میں کیا فیصلہ ہوچکا ہے؟ اگر معلوم ہوجاتا تو حضرت ابوبکر ؓ کے فیصلہ کو نافذ کردیتے ، ورنہ وہ بھی اہل حل وعقد کو جمع کرتے اور باہمی مشاورت سے جو فیصلہ ہوتا، اس کو نافذ کردیا جاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement

عدم برداشت: معاشرے کی تباہی کا سبب

(اے پیغمبرؐ) یہ اللہ کی بڑی رحمت ہے کہ آپ اِن لوگوں کیلئے بہت نرم مزاج واقع ہوئے، اگر کہیں تندخو اور سنگدل ہوتے تو یہ سب تمھارے گردوپیش سے چھٹ جاتے(القرآن) قرآن پاک میں تمسخر اڑانے،برے القابات سے پکارنے اور طعنہ زنی سے منع کیا گیا ہے

صلح حدیبیہ،بیعت رضوان

’اے محمد(ﷺ)ہم نے آپ کو کھلی اور واضح فتح عطا فرمائی‘‘(سورۃ الفتح) ماہ ذوالقعدہ میں ہونے والا سبق آموزایک تاریخی معاہدہ صلح حدیبیہ کی وجہ سے جو لوگ اپنا اسلام ظاہر نہیں کر سکتے تھے وہ اعلانیہ طور پر اپنا اسلام ظاہر کرنے اور اس پر عمل کرنے لگے

ماہِ ذی القعدہ کے فضائل و احکام

ذی قعدہ اُن چار عظمت والے مہینوں میں شامل ہے جن کی عظمت و بزرگی اسلام سے پہلے بھی تھی اور اسلام کے بعد بھی ہے

مسائل اور ان کا حل

مکروہ اوقات میں سجدہ تلاوت اداکرنا سوال:کیاسجدہ تلاوت مکروہ اوقات میں ادا کیاجاسکتاہے؟ جواب:جب آیت سجدہ غیر مکروہ وقت میں پڑھی گئی ہو توسجدہ تلاوت کی ادائیگی مکروہ اوقات میں جائز نہیں۔اگر مکروہ اوقات میں ہی آیت سجدہ پڑھی گئی تو پھر مکروہ وقت میں سجدہ تلاوت جائز ہے۔ (وفی الھندیہ)

گرینڈڈائیلاگ کی بازگشت!

ملک میں گرینڈ ڈائیلاگ کی باز گزشت سنائی دے رہی ہے ، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی مذاکرات شروع کرنے کی پیشکش کی گئی وہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ملکی مسائل کے حل کیلئے سیاستدانوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔

جماعتی قیادت میں تبدیلی

مسلم لیگ( ن) میں جماعتی قیادت کی تبدیلی کا عمل شروع ہے جس کیلئے 18مئی کو ایگزیکٹو کمیٹی اور 28مئی کو جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدارت سے یہ کہتے ہوئے استعفٰی دے دیا ہے کہ 2017ء میں نوازشریف سے غیر قانونی طور پر وزارت عظمیٰ اور ان کی پارٹی صدارت چھینی گئی تھی اور پارٹی صدارت نوازشریف نے امانتاً مجھے سونپی تھی،