خوداعتماد خواتین کامیاب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد

تحریر : مہوش چوہدری


خوداعتمادی انسان کی شخصیت کا وہ جوہر ہے جو اسے زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

 پراعتماد عورت نہ صرف اپنے فیصلے بہتر انداز میں کرتی ہے بلکہ گھر، تعلیم، ملازمت اور معاشرتی زندگی میں بھی مثبت کردار ادا کرتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کو مختلف سماجی، ثقافتی اور معاشی چیلنجز کا سامنا رہتا ہے، جن کی وجہ سے بعض اوقات ان کی خوداعتمادی متاثر ہوتی ہے۔ لیکن اگر مناسب رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو خواتین اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں منوا سکتی ہیں۔

تعلیم، شعور اور مہارت

خواتین میں خوداعتمادی پیدا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ تعلیم ہے۔ تعلیم نہ صرف علم دیتی ہے بلکہ سوچنے، سمجھنے اور فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرتی ہے۔ تعلیم یافتہ خاتون اپنے حقوق، فرائض اور معاشرتی مسائل سے بہتر طور پر آگاہ ہوتی ہے۔ یہی آگاہی اسے مضبوط اور بااعتماد بناتی ہے۔پاکستان میں آج بھی بہت سی خواتین ایسی ہیں جنہیں تعلیم کے مکمل  مواقع حاصل نہیں ہوتے۔ دیہی علاقوں میں بعض خاندان لڑکیوں کی تعلیم کو غیر ضروری سمجھتے ہیں، حالانکہ تعلیم یافتہ عورت پورے خاندان کی تربیت بہتر انداز میں کر سکتی ہے۔ جب خواتین تعلیم حاصل کرتی ہیں تو ان میں خود پر یقین بڑھتا ہے اور وہ معاشرے میں اپنی شناخت قائم کرنے کے قابل ہوتی ہیں۔صرف رسمی تعلیم ہی کافی نہیں بلکہ خواتین کو مختلف ہنر اور پیشہ ورانہ مہارتیں بھی سیکھنی چاہئیں۔ کمپیوٹر، آن لائن کاروبار، دستکاری، زبانیں سیکھنا یا کسی فنی شعبے میں مہارت حاصل کرنا خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بناتا ہے۔ جب عورت اپنے ہنر سے کمائی کرتی ہے تو اس کی خوداعتمادی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گھر کے ماحول کا بھی اہم کردار ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کریں، ان کی رائے کو اہمیت دیں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ اگر بچپن سے لڑکیوں کو اعتماد دیا جائے تو وہ بڑے ہو کر مضبوط شخصیت کی مالک بنتی ہیں۔

 مثبت رویہ اپنائیں

خوداعتمادی صرف ظاہری کامیابی سے نہیں آتی بلکہ انسان کی اندرونی سوچ بھی اسے متاثر کرتی ہے۔ بہت سی خواتین اپنی صلاحیتوں کے باوجود خود کو دوسروں سے کم سمجھتی ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ مسلسل تنقید، موازنہ اور معاشرتی دباؤ ہے۔ بعض اوقات خواتین کو یہ سننے کو ملتا ہے کہ وہ کچھ نہیں کر سکتیں یا ان کی اصل ذمہ داری صرف گھر تک محدود ہے۔ ایسی باتیں ان کے اعتماد کو کمزور کرتی ہیں۔خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی خوبیوں کو پہچانیں اور اپنی کمزوریوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر توجہ دیں۔ ہر انسان میں کچھ نہ کچھ خاص ہوتا ہے۔ اگر ایک خاتون اچھی مقرر نہیں تو ممکن ہے وہ بہترین منتظم ہو، اگر وہ کاروبار میں ماہر نہیں تو شاید تعلیم یا تخلیقی کاموں میں نمایاں ہو۔ اپنی خوبیوں کو تسلیم کرنا خوداعتمادی بڑھانے کا پہلا قدم ہے۔مثبت سوچ اپنا نا بھی بے حد ضروری ہے۔ ناکامی زندگی کا حصہ ہے اور ہر کامیاب انسان نے مشکلات کا سامنا کیا ہوتا ہے۔ خواتین کو ناکامی سے گھبرانے کے بجائے اس سے سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ جب انسان اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرتا ہے تو وہ پہلے سے زیادہ مضبوط بن جاتا ہے۔اسی طرح جسمانی اور ذہنی صحت بھی اعتماد پر اثر انداز ہوتی ہے۔ مناسب خوراک، اچھی نیند اور ذہنی سکون انسان کو پُراعتماد بناتا ہے۔ اگر عورت خود کو صحت مند اور توانا محسوس کرے تو اس کے رویے اور گفتگو میں بھی اعتماد جھلکتا ہے۔

معاشرتی تعاون اور خواتین کا بااختیار کردار

خوداعتمادی صرف فرد کی کوشش سے نہیں بلکہ معاشرے کے رویے سے بھی پیدا ہوتی ہے۔ اگر خواتین کو عزت، برابری اور ترقی کے مواقع ملیں تو وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکتی ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں اب حالات بدل رہے ہیں اور خواتین تعلیم، سیاست، صحافت، طب، کاروبار اور کھیل سمیت ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ یہ کامیاب خواتین دوسری عورتوں کے لیے بھی مثال بن رہی ہیں۔ گھر کے مرد افراد، خاص طور پر والد، بھائی اور شوہر اگر خواتین کی حوصلہ افزائی کریں  تو ان کی شخصیت مزید نکھر سکتی ہے۔ ایک ایسا ماحول جہاں عورت کی بات سنی جائے اور اس کے فیصلوں کی قدر کی جائے، وہاں خوداعتمادی قدرتی طور پر پیدا ہوتی ہے۔خواتین کو بھی چاہیے کہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں۔ اکثر معاشرے میں عورت ہی عورت کی ناقد بن جاتی ہے جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔ اگر ایک عورت کامیاب ہوتی ہے تو اسے تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کی کامیابی کو سراہنا چاہیے۔

سوشل میڈیا کے اس دور میں خواتین کے پاس سیکھنے اور آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ آن لائن کورسز، کاروبار، تعلیم اور تربیتی پروگرام خواتین کو گھر بیٹھے ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اگر ان مواقع سے مثبت انداز میں فائدہ اٹھایا جائے تو خواتین نہ صرف خودمختار بن سکتی ہیں بلکہ اپنے خاندان اور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ خوداعتمادی کوئی پیدائشی چیز نہیں بلکہ یہ مسلسل محنت، مثبت سوچ، تعلیم اور حوصلہ افزائی سے پیدا ہوتی ہے۔ پاکستانی خواتین میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع اور اعتماد دیا جائے۔ جب خواتین خود پر یقین کرنا سیکھ جائیں گی تو وہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

گرمیوں کی چھٹیاں کیسے گزاریں؟

گرمیوں کی چھٹیاں بچوں کے لیے ایک خوشگوار وقفہ ہوتی ہیں لیکن یہ وقت صرف آرام یا کھیل کود تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

آج کا پکوان:بھرے ہوئے کریلے

اجزا:قیمہ: ایک کلو ،چکن یا بیف ، کریلے: ایک کلو، پیاز: دو عدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر: چار عدد باریک کٹے ہوئے، ہری مرچیں: چار عدد باریک کٹی ہوئی،

سید ضمیر جعفری اُردوادب کا چھتناور درخت

آ ج27ویں برسی:اُنہوں نے مزاح سے زیادہ سنجیدہ ادب لکھا مگر شہرت مزاحیہ کلام کی وجہ سے حاصل ہوئی :یہ کہا جا سکتا ہے کہ ضمیر جعفری نے اپنی آخری سانس تک قوم کو ہنسایا بھی ، گرمایا بھی اور اسے سنجیدگی سے سوچنے پر بھی آمادہ کیا، وہ ادب میں ہمیشہ نیا پن لے کر آتے رہے‘ پرانے پنجابی پوٹھوہاری الفاظ کو موتیوں کی طرح جڑتے تھے اور لفظ کو معنی کو وقت کی قید سے آزاد کر دیتے تھے

پاکستانی ادب کا اختصاص

اردو ادب میں پاکستانیت کے اظہار کی بات کی جائے تو نظم میں ان اثرات کا ذکر ضروری ہو جاتا ہے۔

معرکہ حق: تاریخی فتح کا ایک سال مکمل

پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا:مئی 2025 کا وہ تاریخی معرکہ جس میں پاک فضائیہ نے دشمن کے نام نہاد ناقابل تسخیر طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنا کر فضائی برتری کا لوہا منوایا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت نے پوری قوم کو’’ایک پیج‘‘پر لا کر دفاعِ وطن کو ناقابل تسخیر بنادیا۔ معرکہ حق کے بعد پاکستان خطے میں صرف ایک عسکری قوت ہی نہیں بلکہ امن و ثالثی کا وہ محور بن چکا ہے جس کی مرضی کے بغیر جنوبی ایشیا کا کوئی فیصلہ ممکن نہیں۔

وطن کی عزت ہمارے ہاتھ!

ہم پاکستانی ہر معاملہ میں اپنا ثانی آپ ہیں، ہونا بھی چاہئے کیونکہ دل ہے پاکستانی۔ ہمارے تمام تر معاملات عجیب بھی ہوتے ہیں اور بھرپور بھی۔ ہر معاملے میں ہمارا رویہ منفرد بھی ہوتا ہے اور نرالا بھی۔