مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


حالت احرام میں مختلف ذائقوں والے خوشبودار مشروبات پینا سوال: کیاحالت احرام میں مختلف ذائقوں والے خوشبو دار مشروبات پینا جائز ہے،کیا اس کے پینے سے دم لازم ہوگا؟(تنویر خان، بہاولپور)

جواب: اگر پینے کی چیز میں مثلاً شربت، پھلوں کا رس، چائے وغیرہ میں خوشبو ملائی جائے تو احرام کی حالت میں نہ پی جائیں، اگر کوئی تھوڑی مقدار میں ایک مرتبہ پیئے گا تو صدقہ (پونے دو کلو گندم) واجب ہو گا، اگر زیادہ مقدار میں پیا یا تھوڑا تھوڑا دو تین مرتبہ میں پیا تو دم واجب ہو گا۔ (وفی الشامی 2/ 547)، (وفی الفتاویٰ الہندیۃ 1/ 241)

مقروض پر قربانی کا معاملہ

سوال: میرے پا س مال ہے مگر میں بہت زیادہ مقروض بھی ہوں، میں نے سنا ہے کہ مقروض پر قربانی واجب نہیں ہوتی ،آپ اس مسئلہ کو وضاحت کے ساتھ بیان کر دیں۔(محمد ارشد، پتوکی)

جواب: قرضہ منہاکرنے کے بعد اگر آپ کی ملکیت میں سونا،چاندی، نقدی، مال تجارت یا ضرورت سے زائد سامان میں سے کوئی ایک (علاوہ سونا) یا ایک سے زائدمل کر ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو تو پھر آپ پر قربانی واجب ہے، ورنہ نہیں۔

عرفہ کے روزے کی شرعی حیثیت

سوال:سنا ہے کہ عرفہ کے دن روزے کی بہت فضیلت ہے، اس بارے میں کو ئی حدیث بیان کر دیں۔ (محمد جا دید، کراچی)

جواب: جی ہاں ! عرفہ کے دن روزے کی غیر معمولی فضیلت ہے لہٰذا یوم عرفہ کا روزہ رکھنا چاہیے۔ ایک حدیث میں آپﷺ نے ارشاد فرمایا ’’ یو م عرفہ کے روزہ کے متعلق مجھے اللہ سے امید ہے کہ وہ پچھلے ایک سال اور آنے والے ایک سال کے گناہوں کیلئے کفارہ بن جائے گا‘‘۔ (صحیح مسلم :1162)

لنگڑے اور اندھے جانور 

کی قربانی درست نہیں

سوال:میں نے ایک جانور خریدا ہے مگر اس جانور کا گاڑی سے اتارتے ہوئے ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اب وہ ایک پیر زمین پر نہیں رکھ سکتا ، کیا اس جانور کی قربانی ہو جائے گی؟ اس طرح کا نے جانور یعنی اندھے جانور کی قربانی کا بھی مسئلہ بتا دیں ۔ (محمد یونس، حیدرآباد)

جواب : مذکورہ لنگڑے جانور جس کا ایک پاؤں زمین پر نہیں ٹکتا کی قربانی شرعاً درست نہیں ہے۔ لہٰذا اس کے بجائے کسی دوسرے غیر عیب دار جانور کی قربانی کریں۔ اس طرح اندھے جانور کی قربانی بھی درست نہیں ہے۔قربانی میں ان جیسے عیبو ں سے پاک جانور قربان کیا جائے۔

سفر ِ حج شروع نہ کیا ہواور

 شوہر کا انتقال ہوجائے

سوال:اگر کسی خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ حج پر جانا ہو اور ابھی سفر ِ حج شروع نہ کیا ہو کہ اس دوران اس خاتون کے شوہر کا انتقال ہو جائے تو اس صورت میں وہ پاکستان میں عدت گزارے یا حج کیلئے جا سکتی ہے؟ واضح رہے کہ ٹکٹ کی واپسی کٹوتی کے ساتھ ہو جاتی ہے۔(توفیق بٹ، آزاد کشمیر)

جواب: عورت کیلئے عدت کے دوران حج کیلئے سفر کرنا جائز نہیں ہے، عدت پوری کرنے کے بعد ہی محرم کے ساتھ حج کے سفر پر جا سکتی ہے۔ خرید کردہ ٹکٹ کی واپسی کچھ کٹوتی کے ساتھ ممکن ہے، اس لئے اسے واپس کیا جا سکتا ہے۔ (وفی الدر المختار و حاشیۃ ابن عابدین، 2/ 465)، (وفی مجمع الأنہر، 1/ 387)

والدین کی طرف سے قربانی کرنا 

سوال :میں صاحب حیثیت ہوں، کیا میں اپنے مرحوم والدین کی طرف سے قربانی کرسکتا ہوں اورکیا اس کا ثواب انہیں ملے گا؟(نعیم الدین، کراچی )

جواب :جی ہاں آپ اپنے مرحوم والدین کی طرف سے قربانی کرسکتے ہیں اور یہ آپ کی طرف سے درحقیقت نفلی قربانی ہوگی جس کا ثواب آپ کو بھی ملے گا اور مرحوم والدین کو بھی ۔تاہم والدین کیلئے کی گئی قربانی سے آپ پر جو قربانی واجب ہے وہ ادا نہ ہوگی۔ آپ پر اپنی واجب قربانی علیحدہ ادا کرنا بہرحال لازم ہے۔

قربانی نہ کرسکا تو کیا حکم ہے ؟

سوال:اگر کوئی شخص مالی استطاعت کے باوجود قربانی نہ کرسکے تو شرعاً اس کا کیا حکم ہے ؟(علی اسلم،حیدرآباد)

 جواب:گزشتہ قربانی رہ گئی ہوتواب اس قربانی کے بدلے ایک متوسط بکر ے کی قیمت صدقہ کر دیں۔ (وفی البحر الرائق8/ 200)، (وفی تبیین الحقائق و حاشیۃالشلبی(6/ 5)

رمی میں رش کی وجہ سے مرد

 خواتین کی نیابت کر سکتا ہے

 سوال:کیا رش کی وجہ سے خواتین کے بجائے مرد ان کی نیابت کرتے ہوئے کنکریاں مار ے تو رمی ادا ہو جائے گی؟(وقار احمد، ملتان)

 جواب: محض رش کی وجہ سے خواتین کی نیابت کرتے ہو ئے کنکریاں مارنا جائز نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

عشرہ ذوالحجہ:رحمتوں و برکتوں والے دن

اللہ تعالیٰ نے حرمت والے مہینے ذوالحج کے پہلے عشرہ کو برکت و عظمت عطا فرمائی اس عشرہ میں کیے جانے والے نیک اعمال کا اجر باقی ایام کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہے(صحیح بخاری) رسول اللہ ﷺ ماہ ذوالحج کے (پہلے) نو دنوں میں روزہ رکھا کرتے تھے ( ابو دائود)

حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام:جلیل القدر پیغمبر

حج و عمرہ کی اکثر عبادات کا تعلق سنت ابراہیمی سے ہے

جانوروں کے حقوق اور ہماری ذمہ داریاں

’’جانور کو کھلانا پلانا باعث اجر ہے‘‘(ابن ماجہ)

سفارتی کامیابیاں مگر معاشی محاذ پر مشکلات

پاکستان نے حالیہ مہینوں میں سفارتی محاذ پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کے دوران پاکستان نے نہ صرف متوازن سفارتکاری کا مظاہرہ کیا بلکہ عالمی طاقتوں کے درمیان اپنے کردار کو بھی نمایاں کیا۔

مجوزہ 28ویں ترمیم اوراپوزیشن کی سیاست

ملک کے سیاسی حلقوں میں سرگوشیاں ہیں کہ حکومت آنے والے دنوں میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 28 ویں ترمیم کی منظوری کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔

منشیات مافیا اور طاقت کے سائے

یونانی فلسفی اناکارسس نے کیا خوب کہا تھا کہ قانون مکڑی کاوہ جالا ہے جس کو طاقتور؍امیر توڑتے ہوئے نکل جاتا ہے جبکہ کمزور؍غریب اس میں پھنس جاتا ہے۔