ڈیپ ڈائیو دبئی،دنیا کا گہرا ترین سوئمنگ پول
7نومبر 2020 کو جب پولینڈ کے شہر وارسا میں''ڈیپ اسپاٹ ‘‘ نامی سوئمنگ پول کا افتتاح کیا گیا تو یہ 150 فٹ کی گہرائی کے ساتھ دنیا کا گہرا ترین سوئمنگ پول تھا۔ ڈیپ اسپاٹ نے یہ اعزاز اٹلی کے ''مونٹی گریٹو ٹیرم ‘‘ سے چھینا تھا جو اس سے پہلے 138فٹ کی گہرائی کے ساتھ دنیا کے گہرے ترین سوئمنگ پول کا اعزاز تھامے ہوئے تھا۔ حال ہی میں جولائی 2021 میں دبئی کے '' ڈیپ ڈائیو دبئی ‘‘ نے 200فٹ گہرائی کے ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرالیا۔
دبئی دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز اپنے نام کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر دنیا کے گہرے ترین سوئمنگ پول کا اعزاز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ ماہرین اس سوئمنگ پول کو ‘‘ سٹیٹ آف دی آرٹ ‘‘ کا نام دیتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے معروف اور مہنگے ترین علاقے دبئی مرینہ میں واقع بیچ ریزورٹ کی بلند عمارت پر واقع
‘‘ ڈیپ ڈائیو دبئی ‘‘ نامی سوئمنگ پول 964فٹ کی بلندی پر واقع ہونے کی وجہ سے تیراکی کے دوران آسمان اور سمندر کا ایک ساتھ نظارہ پیش کرتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس میں ایک کروڑ 46لاکھ لٹر تازہ پانی ذخیرہ ہوتا ہے جو اولمپک سائز کے 6 سوئمنگ پولوں کے حجم کے برابر ہے۔اس سوئمنگ پول کے ڈائریکٹر جیرڈ جبلونسکی جن کا تعلق امریکی ریاست فلوریڈا سے ہے۔اُن کے بقول
یہ ‘‘ سیپ ‘‘ کی شکل کی مشابہت رکھتا ہے جو اس خطے کی تاریخ اور ثقافت کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے ۔یہ دراصل قدیم عرب روایات کی عکاسی کرتا ہے جہاں سمندر میں موتی تلاش کرنے کی روایت برسوں سے چلی آ رہی ہے۔
اس منفرد سوئمنگ پول میں سوئمنگ کے علاوہ متعدد منفرد اور دلچسپ تفریحی کھیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان میں پول کے نچلے حصے میں غوطہ خور روشنیوں اور موسیقی کی دھنوں کے ساتھ فٹ بال اور دیگر کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پانی میں تیراکی یا کھیلوں کے دوران ارد گرد کے ماحول نے رنگ برنگی روشنیوں ، موسیقی کی مدھر دھنوں اور سر سبز پودوں نے فضا کو ایسا پرکشش اور معطر کیا ہوتا ہے کہ کسی کا یہاں سے نکلنے کو جی ہی نہیں چاہتا۔اس کے ساتھ ساتھ یہاں پر جدید ٹیکنالوجی اور ناقابل یقین سہولیات سے مزین ایک حیرت انگیز اور منفرد''لوگوں سے خالی ڈوبے ہوئے شہر ‘‘ کو بھی تعمیر کیا گیا ہے جو لوگوں کو ایک چیلنج کے طور پر دورانِ تیراکی تلاش کرنا ہوتا ہے۔ بقول ڈائریکٹر جیرڈ جبلو نسکی پانی کے اندر ڈُوبے بے آ باد اور گمشدہ شہر کی تلاش کا تصور ایک منفرد اور دلچسپ کھیل ہے جسے ابتدا ہی میں لوگوں نے سراہنا شروع کر دیا۔ ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں ہم ایسے متعدد کھیل لوگوں کی دلچسپی کیلئے متعارف کراتے رہیں گے۔ یہ سب لوگوں کیلئے نیا ہے جو اس سے پہلے کہیں متعارف نہیں کرایا گیا۔
ڈیپ ڈائیو دبئی میں ایک گھنٹے کی غوطہ خوری کا کم سے کم ٹکٹ ایک سو پینتیس ڈالر ہے جبکہ زیادہ گہرائی میں جانے کیلئے یہ ٹکٹ چار سو دس ڈالر تک چلا جاتا ہے۔ اس تالاب کو یہ انفرادیت بھی حاصل ہے کہ پانی کے اندر چھ اور اکیس میٹر کی گہرائی میں دو رہائش گاہیں بھی بنائیگئی ہیں جو خشک چیمبر کے ساتھ موجود ہیں۔علاوہ ازیں اس سوئمنگ پول کے تمام زاویوں سے 56جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ریکارڈنگ آواز اور موڈ لائٹنگ سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں۔ان کا مقصد سوئمنگ پول کی سیکورٹی کا مکمل احاطہ کرناہے۔ بقول انتظامیہ ڈیپ ڈائیو دبئی تیراکوں اور غوطہ خوروں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ اس پول کے باقاعدہ افتتاح کے بعد سرِدست صرف اکیس سال یا اس سے زائد عمر کے ہوٹل کے مہمانوں کو داخلے کی اجازت ہے جبکہ مرحلہ وار اسے دیگر شائقین کیلئے بھی کھول دیا جائے گا۔