آج کا دن
زیارت زلزلے
29اکتوبر2008ء کو پاکستانی شہر زیارت میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ کے شمال میں 60 کلومیٹر اور افغانستان کے شہر قندھار سے 185 کلومیٹر جنوب مشرق میں 15کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔6.4 شدت کے اس زلزلے میں 215افراد ہلاک، 200سے زیادہ زخمی اورتقریباًایک لاکھ20ہزار افراد بے گھر ہوئے۔
نیویارک اسٹاک ایکسچینج کریش
1929ء میں آج کے روز امریکہ کی نیویارک اسٹاک ایکسچینج کریش کر گئی تھی۔ جس سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ ہزاروں سرمایہ کاروں کا سرمایہ ڈوب گیا۔ٹریڈنگ کا حجم اس قدر زیادہ تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کی ٹکرز مشین گھنٹوں پیچھے چل رہی تھی۔اسٹاک ایکسچینج کے کریش ہوتے ہی امریکہ اور دیگر صنعتی ممالک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی اور یہیں سے1930ء کے گریٹ ڈپریشن کا آغاز ہوا جس نے دنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ترکی کا اعلان جمہوریت
29 اکتوبر 1923ء کو ترکی قومی اسمبلی نے اپنے تاریخی اجلاس میں دنیا کو بتا دیا کہ ''جنگ نجات‘‘ کے بعد قائم ہونے والی نئی حکومت کا نظامِ حکومت ''جمہوریت‘‘ ہو گا۔ آئینی تبدیلی کے ساتھ جمہوریہ ترکی قائم ہوا۔ اعلان جمہوریت کے ساتھ ترکی قومی اسمبلی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اتاترک ملک کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔
قسطنطنیہ کنونشن
''کنوشن آف قسطنطنیہ‘‘ مصر میں نہر سویز کے استعمال سے متعلق ایک معاہدہ تھا۔ اس پر20اکتوبر1888ء کو برطانیہ، جرمنی، آسٹریا، ہنگری، اسپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈ، روسی سلطنت اور سلطنت عثمانیہ نے دستخط کئے تھے۔اس معاہدے میں اس بات کی ضمات دی گئی تھی کہ نہر سوویز کے ذریعے تمام بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی اور کسی کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔
لائن فضائی حادثہ
29اکتوبر 2018ء لائن ائیر کی فلائٹ نمبر610ایک طے شدہ پرواز تھی جو ٹیک آف کے13منٹ بعد بحیرہ جاوا میں گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثے میں جہاز میں سوار 189 مسافر اور عملہ ہلاک ہو گئے۔ابتدائی تحقیقات میں سنگین مسائل کا انکشاف ہوا۔ پرواز کے دوران اینگل آف اٹیک سینسر اور دیگر آلات کی ناکامی، ڈیزائن کی خرابی کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔