’’ فائبر‘‘ کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں
فائبر یا ریشہ دار غذائیں اللہ تعالیٰ کی وہ نعمتیں ہیں جس سے انسان نہ صرف بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے بلکہ اس کے جسم کی بڑھوتری کیلئے بھی یہ ضروری ہوتی ہیں ۔ مختلف کھیلوں سے وابستہ ایتھلیٹس کیلئے فائبر کا استعمال تو لازمی ہے ، اس کے بغیر ان کے ریفلیکسزکی حرکات میں وہ پھرتی نہیں رہتی جو کہ ہونی چاہیے ۔
فائبر کیا ہے ؟
فائبر کا نام آتے ہی ایک عام انسان کے ذہن میں خیا ل آتا ہے کہ آخر یہ ہے کیا۔ تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ ایک کاربوہائیڈریٹ کی قسم ہے جو جسم کو توانائی بہم پہنچاتی ہے ۔ اگرچہ جسم فائبر کو بطور ایندھن کافی مقدار میں استعمال نہیں کرتا لیکن یہ جسم کو صحت مند رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
فائبر کن غذائوں میں پایا جاتا ہے
فائبر پھلوں، سبزیوں، پھلیوں اور اناج میں پایا جاتاہے ۔ دور جدید میں کئی غذائوں سے فائبر کو جدا کردیا جاتا ہے اور اس کا مقصد اس خوراک تادیر محفوظ رکھ کر اس کا استعمال بڑھانا ہے جبکہ فائبر کی موجودگی میں وہ غذا زیادہ دیر تک محفوظ نہیں رہ سکتی۔ آٹے سے فائبر کو نکال کر اسے میدہ بنادیا جاتا ، اب ہم اپنی آنے والی نسل کو میدہ کھلا کر جوان کررہے ہیں اور انہیں مختلف بیماریوں کی طرف دکھیل رہے ہیں ۔ بعض اوقات جوس بناتے وقت ہم فائبر کو ضائع کردیتے ہیں اور صرف اس کا پانی نکال لیتے ہیں پھل کو ویسے ہی کھانا زیادہ بہتر ہے۔
فائبر کن بیماریوں کو روکتا ہے
فائبر کا استعمال بہت سی بیماریوں کو روکتا ہے ۔جن میں سب سے پہلے دل کی بیماری آتی ہے کیونکہ فائبر آپ کا کولیسٹرول لیول کم کرتا ہے ۔ زیادہ وزن والوں کیلئے بھی خوشخبری ہے کہ وہ ریشہ دار غذائوں کا استعمال بڑھا دیں کیونکہ فائبر کی موجودگی غذا کی رفتار کو آہستہ کردیتی ہے اورمعدہ میں نظام انہضام کو آرام دیتی ہے ۔ اس سے ہمیں بھوک بھی دیر سے لگتی ہے ۔ فائبر سے بھرپور غذائوں میں کیلوریز کی تعداد بھی کم ہوتی ہے۔ فائبر کا استعمال ذیابیطس سے بھی روکتا ہے کیونکہ یہ خون میں بلڈ شوگر کی مقدار کو کم کرتاہے۔ فائبر نظام انہضام کو بہتر کرکے خوراک کو جزو بدن بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
روزانہ فائبر کی کتنی مقدار کھانی چاہیے ؟
ویسے تو ہر شخص کی توانائی کی ضروریات کے مطابق فائبر کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے اور ہر شخص کو اپنے نیوٹریشنسٹ سے مشورے کے بعد اس کا استعمال کرنا چاہیے ، خصوصا جب وہ کسی بیماری میں مبتلا ہوتو مشورے کے بعد ہی استعمال بہتر ہوتا ہے ۔ لیکن ماہرین غذایت نے ایک نارمل شخص کیلئے ایک دن میں فائبر کی مقدار38 گرام مقرر کی ہے جبکہ ایک خاتون کیلئے یہ مقدار 25گرام مقرر کی ہے ۔
فائبر کی مقدار بڑھانے کا طریقہ
ویسے تو پھلیوں اور اناج میں پھلوں اور سبزیوں کی نسبت زیادہ فائبر ہوتا ہے لیکن کچھ طریقے ایسے بھی ہیں کہ کچھ مکسچر بناکر آپ فائبرکی مقدار کو بڑھا سکتے ہیں جیسے پھلیوں کو سلاد یا سوپ کے ساتھ مکس کرکے کھانے سے فائبر کی مقدار بڑھ جاتی ہے ۔ دلیہ کو فروٹس جیسے بلوبیریز کے ساتھ کھانے سے بھی ریشہ دار غذا میں اضافہ ہوجاتا ہے اور آپ اپنے آپ کو صحت مند محسوس کرتے ہیں ۔ اس طرح کے مکسچر کھلاڑیوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں ۔ صبح کا ناشتہ فائبر سے بھرپور کرنے کے بعد جب کوئی کھلاڑی میدان میں اترتا ہے تو اس دن اس کی کارکردی دیکھنے والی ہوتی ہے ، وہ کھلاڑی چاہے لان ٹینس کا ہو تیراکی کا ہو یا فٹبال کا ہو تھکاوٹ محسوس نہیں کرے گا۔