آج کا دن

اسپیشل فیچر
ٹرائینن جنگ بندی
پیرس امن کانفرنس میں ''ٹرائینن معاہدہ‘‘ تیار کیا گیا، جس پر 4جون 1920ء کو دستخط کئے گئے۔ اس معاہدے کے بعد پہلی عالمی جنگ کے بیشتر اتحادیوںاور ہنگری کے درمیان جنگ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔اس معاہدے کو مرتب کرنے کیلئے فرانسیسی سفارت کاروں نے اہم کردار ادا کیا۔اس معاہدے نے ہنگری کی فوج کو 35ہزار افسران اور جوانوں تک محدود کر دیا اور آسٹرو ہنگری بحریہ کا وجود ختم ہو گیا۔ یہ فیصلے اور ان کے نتائج اب تک ہنگری میں شدید ناراضگی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
ڈریگن اسپیس کرافٹ
''ڈریگن سپیس کرافٹ‘‘ سپیس ایکس کے تیار کردہ ڈریگن خلائی جہاز کادوسرا ورژن تھا۔ڈریگن کی شکل اور بڑے پیمانے پر درجہ بندی کرنے کیلئے اسے زمین پر مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد اسپیس ایکس نے 4 جون 2010 کو فالکن 9 راکٹ کی پہلی پرواز پر زمین کے نچلے مدار میں لانچ کیا۔ خلائی جہاز نے 27 جون کو مدار سے زوال پذیر ہونے اور فضا میں دوبارہ داخل ہونے سے پہلے 300 سے زیادہ بار زمین کا چکر لگایا۔
قبرص معاہدہ
4جون1878ء کو برطانیہ اور سلطنت عثمانیہ کے درمیان ایک معاہدہ ہو ا،جس کے مطابق سلطنت عثمانیہ نے عثما نیوں کی حمایت کے بدلے میں قبرص کا انتظامی کنٹرول برطانیہ کے حوالے کر دیا۔اس معاہدے میں موجود دفعات کے مطابق برطانیہ کے انتظامی کنٹرول کے باوجود قبرص کی سرزمین پر عثمانی حقوق برقراررکھے گئے تھے۔اس معاہدے سے قبل دونوںسلطنتوں کے درمیان خفیہ مذاکرات بھی ہو چکے تھے۔ یہ معاہد ہ برطانیہ کی جانب سے سلطنت عثمانیہ کے ساتھ جنگ کے دوران5نومبر1914ء میں منسوخ کر دیا گیا۔
ارزماس دھماکہ
ارزماس دھماکہ جسے ''ارزماس ٹرین ڈیزاسٹر‘‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک ریلوے حادثہ تھا جو 4 جون 1988ء کو ارزماس، سوویت یونین میں پیش آیا۔ٹرین ریلوے کراسنگ سے گزر رہی تھی جب دھماکہ ہوا۔ اس خوفناک حادثے میں91افراد ہلاک اور 1500زخمی ہوئے۔ ٹرین میں 118ٹن دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔یہ مال بردار گاڑی تھی جو سامان والی تین ویگنوں پر مشتمل تھی۔ تحقیقات میں دھماکہ کی وجہ نامعلوم بتائی گئی۔دھماکے نے گردو نواح میں واقعہ عمارات کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔