آج کا دن
اسپیشل فیچر
جوہری ہتھیار بردارامریکی طیارہ حادثے کا شکار
14فروری 1961ء میں امریکی فضائیہ کا ایک بمبار طیارہ بی 52 جو جوہری ہتھیار لے کر پرواز کر رہا تھا، امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ طیارہ معمول کی فوجی پرواز کر رہا تھا کہ اچانک فنی خرابی کے باعث زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں موجود عملے کو شدید خطرات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ چونکہ طیارہ جوہری ہتھیار لے جا رہا تھا، اس لیے اس واقعے نے امریکی حکام میں شدید تشویش پیدا کر دی۔ خوش قسمتی سے جوہری ہتھیار محفوظ رہے اور کسی بڑے ایٹمی حادثے سے ملک محفوظ رہا۔
10ہزار کلوگرام کا بم
دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے قریب14مارچ1945ء کو RAFکی جانب سے جرمن اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے ایک بم کا استعمال کیا گیا جسے ''گرینڈ سلام‘‘ (Grand Slam)کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ جرمنی کے خلاف استعمال ہونے والے اس بم کا وزن تقریبا10ہزار کلو گرام تھا۔ابتدائی طور پر اس بم کا نام''Tallboy Large‘‘ رکھا گیا تھا لیکن میڈیا میں اس بم کے متعلق خبریں آنے کے بعد اس کا خفیہ نام تبدیل کر کے Grand Slamرکھ دیا گیا۔اس بم کی صلاحیت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کے پھٹنے سے ایک زلزلے جیسی کیفیت پیدا ہوگئی۔
میانمار میں قتل عام
14 مارچ 2021 ء کو ''ہلائینگتھایا‘‘ ٹاؤن شپ ینگون، میانمار میں عام شہریوں کا قتل عام تھا۔ اس قتل عام کے دوران، میانمار کی فوج کے دستوں اور میانمار پولیس فورس کے اہلکاروں نے کم از کم 65 افراد کو ہلاک کیا۔ یہ قتل عام 2021ء میں میانمار کی بغاوت کے بعد رونما ہونے والے سب سے مہلک واقعات میں سے ایک تھا۔ اس واقعہ نے شہریوں کے خلاف فوج کے تشدد میں سنگین اضافہ کیا۔ پرتشدد کریک ڈاؤن نے ملک کے ایک بڑے تجارتی مرکزہلائینگتھایا سے فیکٹری ورکرز، رہائشیوں اور کاروباری افراد کو بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنے پر مجبور کردیا۔
ٹراپیکل طوفان
شدید ٹراپیکل طوفان کو افریقہ اور نصف جنوبی کرہ کو متاثر کرنے والے نہایت بدترین طوفانوں میں شمار کیا جاتاہے۔طویل عرصہ تک جاری رہنے والے اس تباہ کن طوفان نے موزمبیق، زمبابوے اور ملاوی میں شدید نقصان پہنچایا لیکن اس کی شدت میں اضافہ14مارچ2019ء ہوا۔طوفان کی وجہ سے 1500سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور صورتحال ایک انسانی بحران میں تبدیل ہو گئی۔یہ جنوب مغربی بحرہ ہند میں ریکارڈ کیا گیا سب سے مہلک ٹراپیکل طوفان تھا۔اس خوفناک طوفان میں جتنے افراد ہلاک ہوئے ان سے کہیں زیادہ لوگ لاپتہ ہو گئے۔
سٹرلنگ ایئر لائن حادثہ
1972ء میں آج ہی کے دن سٹرلنگ ائیر لائن کا طیارہ دبئی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ فلائٹ296نے کولمبو سے اڑان بھری، ممبئی، دبئی اورانقرہ سے ہوتے ہوئے کوپن ہیگن پہنچنا تھا لیکن دبئی کے قریب بدقسمتی سے حادثے کا شکار ہو گئی۔جہاز میں موجود 112 مسافر حادثے میں لقمۂ اجل بنے۔ تحقیقات میں یہ بتایا گیا کہ یہ خوفناک حادثہ جہاز کے پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔اس حادثے کو ایوی ایشن اور متحدہ عرب امارات کی تاریخ کا بد ترین حادثہ قرار دیا جاتا ہے۔